Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی کے قریب وین حادثے میں 15 ہلاکتیں

6 زخمیوں کو نوری آباد ہسپتال روانہ کیا گیا ہے جن مین ایک بچہ شامل ہے۔ فوٹو: موٹروے پولیس
کراچی حیدر آباد موٹر وے ایم نائن پر مسافر وین کو حادثے کے بعد  آگ لگنے سے جھلس کر ہلاک ہونے والے مسافروں کی تعداد 15 ہو گئی ہے۔
سندھ کے وزیر ٹرانسپورٹ اویس شاہ نے اتوار کو اے ایف پی کو بتایا کہ بدقسمتی سے اموات پندرہ ہو گئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پانچ مسافر زخمی بھی ہیں جن میں سے تین کی حالت تشویشناک ہے۔
موٹروے پولیس کے ترجمان کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق سنیچر کو ایم نائن (M-9) پر نوری آباد کے قریب وین الٹنے کے باعث اس کی وائرنگ میں آگ لگ گئی جس نے پوری گاڑی کو لپیٹ میں لے لیا۔
موٹروے پولیس کے ایڈیشنل آئی جی آفتاب پٹھان کے مطابق حادثہ مبینہ طور پر کسی دوسری گاڑی کا کوئی پرزہ مسافر وین سے ٹکرانے کے باعث پیش آیا۔
انھوں نے بتایا کہ ابھی تک کی معلومات کے مطابق آگے چلنے والی گاڑی کا بونٹ اڑ کر پیچھے آنے والی مسافر وین سے ٹکرایا جس سے ڈرائیور سے وین بے قابو ہو کر کچے میں الٹ گئی جس دوران اس میں آگ لگ گئی۔
آفتاب پٹھان کا مزید کہنا ہے کہ حادثے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
موٹروے پولیس اور ریسکیو اداروں نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پاتے ہوئے زخمیوں اور نعشوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا۔ ترجمان موٹروے پولیس تراب علی کے مطابق 6 زخمیوں کو نوری آباد ہسپتال منتقل کیا گیا جن مین ایک بچہ شامل ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں اس قسم کے سڑک حادثے پہلے بھی ہو چکے ہیں، بعض اوقات ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی اور کچھ میں گاڑیوں کی ابتر حالت حادثے کی وجہ ہوتی ہے۔

شیئر:

متعلقہ خبریں