Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نواز شریف کے خلاف مقدمہ کرانے والے بدر رشید کون؟

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے بدر رشید سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے (فوٹو: ٹوئٹر)
سابق وزیراعظم نواز شریف اور مسلم لیگ ن کے دیگر رہنماؤں کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کرانے والے شہری بدر رشید کی سیاسی وابستگی کے حوالے سے اس وقت سوشل میڈیا پر مختلف قیاس آرئیاں کی جا رہی ہیں۔
سوشل میڈیا پر بغاوت کے مقدمے کے مدعی کی گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کے ساتھ تصاویر بھی گردش کر رہی ہیں۔ اس بنیاد پر مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کی جانب سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ بدر رشید کا تعلق پاکستان تحریک انصاف سے ہے۔
دوسری جانب گورنر پنجاب نے بدر رشید سے اظہار لاتعلقی کیا ہے اور تحریک انصاف سینٹرل پنجاب کے صدر اعجاز چوہدری نے بھی مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان خبروں کی تردید کی اور کہا کہ بدر خود کو لیگی کارکن کہلانے پر فخر محسوس کرتے ہیں۔
دونوں سیاسی جماعتوں کی جانب سے بدر رشید کو مخالف پارٹی کا کارکن ثابت کیا جا رہا ہے اور انہیں کوئی بھی اپنا کارکن تسلیم کرنے پر تیار نہیں جس کی وجہ سے صورت حال کافی دلچسپ ہو گئی ہے، تو اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ بغاوت کا مقدمہ دائر کرنے والے بدر رشید کون ہیں؟

بدر رشید کہتے ہیں کہ ’میں نہ تو پی ٹی آئی کا کارکن ہوں نہ ہی میرا ن لیگ سے کوئی تعلق ہے‘ (فوٹو: سوشل میڈیا)

اردو نیوز نے یہ جاننے کے لیے بدر رشید سے بات کی تو انہوں نے پہلے تو واضح کیا کہ ان کی کسی بھی جماعت سے سیاسی وابستگی نہیں ہے۔ ’میں سیاسی نہیں بلکہ سماجی کارکن ہوں اور فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتا ہوں۔‘
بدر رشید کہتے ہیں کہ ’میں نہ تو پی ٹی آئی کا کارکن ہوں نہ ہی میرا ن لیگ سے کوئی تعلق ہے، میں صرف ایک پاکستانی ہوں۔‘
نواز شریف کے خلاف مقدمہ دائر کرنے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ’جب بھی کسی کو پاک فوج کے خلاف بات کرتے دیکھتا ہوں تو میرا خون کھول جاتا ہے، میں ایک محب وطن پاکستانی ہوں، بس اسی لیے ان سب کے خلاف مقدمے کی درخواست دی تھی۔‘
پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر یونین کونسل کا الیکشن لڑنے کی خبروں میں کتنی صداقت ہے، اس سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ’الیکشن میں نے نہیں بلکہ میرے بھائی اطہر رشید نے آزاد حیثیت میں لڑا تھا۔ اس وقت دونوں پارٹیوں کی جانب سے صرف بیان بازی کی جا رہی ہے۔‘

بدر رشید کے حوالے سے خبریں بھی گردش کر رہی ہیں کہ ان کا ’مجرمانہ ریکارڈ‘ موجود ہے (فوٹو: ٹوئٹر)

بدر رشید کے حوالے سے یہ خبریں بھی گردش کر رہی ہیں کہ ان کا ’مجرمانہ ریکارڈ‘ بھی موجود ہے۔ اس پر انہوں نے بتایا کہ ’میں کوئی ڈکیت نہیں ہوں، نہ ہی میں نے ایسا کوئی جرم کیا ہے۔ مجھ پر صرف 324  کا پرچہ کٹوایا گیا تھا جو ن لیگ والوں نے ہی کروایا تھا۔‘
جب ان سے پوچھا گیا کہ ن لیگ سے پہلے بھی کوئی اختلاف رہا ہے تو ان کا کہنا تھا کہمیری کسی سے ذاتی دشمنی نہیں ہے لیکن اپنے ملک اور پاکستانی فوج کے خلاف کوئی بات برداشت نہیں کر سکتا۔‘ 
باخبر رہیں، اردو نیوز کو ٹوئٹر پر فالو کریں

شیئر: