Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کیسز کے لیے ایف آئی اے پر دباؤ ڈالا گیا‘

مریم اورنگزیب کے مطابق بشیر میمن نے حکومت کے غلط احکامات ماننے سے انکار کیا (فوٹو: سوشل میڈیا)
مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے سابق ڈائریکٹر جنرل بشیر میمن نے انکشاف کیا کہ حکومت نے شریف خاندان کے خلاف کارروائی کرنے کے لیے ان پر دباؤ ڈالا۔
تاہم مریم اورنگزیب کے مطابق بشیر میمن نے مسلم لیگ ن کی قیادت کے خلاف دہشت گردی کے مقدمات بنانے سے انکار کیا۔
منگل کو اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ترجمان مسلم لیگ ن نے کہا کہ ’وزیراعظم عمران خان نے بشیر میمن سےکہا کہ خواجہ آصف کے خلاف آرٹیکل 6 کا مقدمہ بنایا جائے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ بشیر میمن کے انکشافات کے بعد صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف کو رہا کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’وزیراعظم عمران خان نے ریاست کی طاقت کا غلط استعمال کیا، غداری کا مقدمہ تو ان کے خلاف درج ہونا چاہیے۔‘
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ سابق ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے کے مطابق انہوں نے حکومت کے غلط احکامات ماننے سے انکار کر دیا تھا۔
’اسی وجہ سے نیب نیازی گٹھ جوڑ بنایا گیا۔ بشیر میمن کے الزامات نے اپوزیشن کے دعوؤں کو درست ثابت کر دیا۔‘
انہوں نے کہا کہ اگر ریاست مدینہ ہوتی تو عمران خان استعفیٰ دے چکے ہوتے یا ان کے خلاف مقدمہ درج ہو چکا ہوتا۔
ترجمان مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے خلاف آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت کارروائی ہونی چاہیے۔
انہوں نے سابق ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے بشیر میمن کو سکیورٹی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔

شیئر:

متعلقہ خبریں