Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا کے ایکٹیو کیسز 10 ہزار سے کم

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 468 نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں کورونا وائرس کے نئے کیسز میں کمی کا سلسلہ جاری ہے۔ 500 سے بھی کم نئے مریض سامنے آئے ہیں۔ مملکت میں کورونا کے ایکٹیو کیسز 10 ہزار سے کم رہ گئے ہیں۔
 وزارت صحت کے مطابق بدھ 7 اکتوبر کو گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 468 نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے۔ اس طرح متاثرین کی تعداد بڑھ کر 3 لاکھ 37 ہزار 711 ہو گئی ہے۔
 سبق نیوز نے وزارت صحت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے حوالے سے بتایا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 596 افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔ اب تک 3 لاکھ 23 ہزار 208 افراد اس مرض سے شفایاب ہو چکے ہیں۔

متاثرین کی تعداد بڑھ کر 3 لاکھ 37 ہزار 711 ہو گئی ہے (فوٹو: ایس پی اے)

وزارت صحت کا کہنا ہے کہ گذشتہ روز کورونا سے 24 افراد ہلاک ہوئے۔ اس طرح اموات کی مجموعی تعداد 4 ہزار 947 ہو چکی ہے۔
مملکت میں اس وقت ایکٹیو کیسز کی تعداد کم ہو کر 9 ہزار 556 رہ گئی ہے جن میں سے 913 مریض انتہائی نگہداشت یونٹ میں زیرعلاج ہیں۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مختلف شہروں میں کورونا وائرس کے نئے کیسز کی سب سے زیادہ تعداد مدینہ میں رہی جہاں 71 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔
 مکہ 53،  ینبع 31، الھفوف 29، ریاض 25،  خمیس مشیط 17، دمام 15، جازان 15، ابہا 11، طائف 11، جدہ 7  اور حائل میں 11 کیسز کا پتا چلا ہے۔

کورونا کے کیسز میں مسلسل کمی آرہی ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)

اعداد و شمار کے مطابق 25 شہروں میں مریضوں کی تعداد ایک، ایک، 7 شہروں میں 2، 2 اور 6 شہروں میں 3،3 جبکہ 5 شہروں میں 5،5 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
سعودی عرب میں متعدی امراض سے بچاؤ اور وبا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے حفاظتی اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔
 وزارت صحت کے ترجمان نے کہا ہے کہ کورونا کے کیسز میں مسلسل کمی آرہی ہے اور ہم درست سمت میں جا رہے ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ کورونا کے کیسز میں کمی کے حوالے سے اب تک تمام اشارے امید افزا ہیں۔

شیئر: