Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض میں سکیورٹی اور ہسٹری ڈائیلاگ، شرکا کی ریکارڈ آمد

کانفرنس میں 60 سے زائد پینل سیشنز، انٹرایکٹیو نشستیں اور خصوصی مکالمے شامل تھے (فوٹو: ایس پی اے)
وزارت داخلہ کے زیرِ اہتمام اور وزیرِ داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نايف بن عبدالعزیز کی سرپرستی میں منعقدہ 2026 سکیورٹی اینڈ ہسٹری ڈائیلاگ کانفرنس گزشتہ روز ریاض میں اختتام پذیر ہو گئی۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق ’ہمارا ماضی اور ہمارا مستقبل: سکیورٹی اور خوشحالی‘ کے عنوان سے تین دنوں تک جاری رہنے والی اس تقریب میں 5200 سے زیادہ شائقین نے شرکت کی جبکہ مملکت اور بیرون ملک سے اعلیٰ حکام، ماہرین، محققین اور علمی شخصیات کی بڑی تعداد نے اس میں حصہ لیا۔
کانفرنس میں 60 سے زیادہ پینل سیشنز، انٹرایکٹیو نشستیں اور خصوصی مکالمے شامل تھے جن میں 160 سے زیادہ مقررین اور 30 سے زیادہ سرکاری، تعلیمی اور سائنسی اداروں نے شرکت کی جبکہ کل ملا کر 60 گھنٹے سے زیادہ وقت کا تبادلہ خیال ہوا۔
ان نشستوں میں سعودی عرب میں سکیورٹی کی تاریخ، اداروں کی تعمیر، انصاف، شہریت اور قومی شناخت، سکیورٹی اور سرمایہ کاری، بین الاقوامی تعلقات، میڈیا، ثقافت، فنون، مصنوعی ذہانت اور مستقبل کی سکیورٹی جیسے اہم موضوعات پر روشنی ڈالی گئی۔ اس کے ساتھ ساتھ مملکت کی تاریخ کے اہم ترین مراحل اور اس کے بانی شاہ عبدالعزیز بن عبدالرحمن آل سعود کی خدمات کا احاطہ بھی کیا گیا۔
اس کانفرنس کا انعقاد شاہ عبدالعزیز فاؤنڈیشن فار ریسرچ اینڈ آرکائیوز کے ساتھ بطور مرکزی پارٹنر اور رائل کمیشن فار ریاض سٹی کے ساتھ بطور سٹریٹیجک پارٹنر ہوا جبکہ اس میں متعدد وزارتوں، یونیورسٹیوں اور قومی اداروں نے بھی شراکت داری کی۔

 

شیئر: