Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پتھروں سے الجوف کی کہانی تراشنے والے سعودی فنکار

سعودی فنکار محمد السلامہ مجسمہ سازی کو ثقافتی ورثے کے ساتھ جوڑتے ہوئے الجوف کے پتھروں کو ایسے فن پاروں میں ڈھالتے ہیں جو خطے کی تاریخ اور شناخت کی عکاسی کرتے ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق ان کے فنی سفر کا آغاز 2020 میں ہوا جب انہوں نے الجوف کے صحرائی اور زرعی علاقوں سے پتھر جمع کرکے انہیں نمایاں مقامات، مقامی جنگلی حیات اور یادگار فن پاروں کی عکاسی کرنے والے مجسموں میں ڈھالنا شروع کیا۔
 وہ بڑے حجم کے مجسمے تیار کرنے کے لیے زیتون کی لکڑی بھی استعمال کرتے ہیں جس سے ان کے فن میں ایک اور منفرد جہت کا اضافہ ہوتا ہے۔
السلامہ نے الجوف میں 10 سے زیادہ نمائشوں اور آرٹ ورکشاپس میں شرکت کی ہے جہاں ان کے فن نے خاصی توجہ حاصل کی اور لوگوں کو فن کے اس منفرد انداز سے روشناس کرایا۔
مجسمہ سازی طویل عرصے سے اہم واقعات کو محفوظ کرنے اور یادوں کو زندہ رکھنے کا ذریعہ رہی ہے۔
السلامہ کا فن اسی روایت کو عصری انداز میں آگے بڑھاتا ہے جہاں وہ مقامی ماحول سے حاصل ہونے والے مواد کے ذریعے الجوف کی کہانی بیان کرنے اور اس کی یادوں کو محفوظ رکھنے کا کام کرتے ہیں۔

شیئر: