Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کھجور، معصوب یا مصالحے دار: جب ریاض میں عربی ذائقے آئس کریم سے ملے

 ڈِبسی کو نمایاں بنانے والی چیز ذائقوں کے حوالے سے اس کا منفرد اور تخلیقی انداز ہے (فوٹو: عرب نیوز)
ایسے شہر میں جہاں تقریباً ہر ہفتے نئی آئس کریم کی شاپ کھلتی دکھائی دیتی ہے  وہاں ایسی جگہ تلاش کرنا جو روایتی ونیلا، چاکلیٹ اور سٹرابیری سے آگے کی پیشکش کرے، یقیناً قابلِ قدر ہے۔
 ڈِبسی بھی ایسی ہی ایک جگہ ہے جہاں مقامی طور پر تیار کردہ آئس کریم کے ساتھ کافی بھی پیش کی جاتی ہے۔ یہاں کے مینیو میں روایتی ذائقوں کے ساتھ منفرد عربی ذائقوں اور غیر متوقع امتزاج کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ڈِبسی کا آغاز اصل میں الخبر سے ہوا تھا تاہم اب یہ ریاض تک پھیل گیا ہے جہاں المثر الشمالی میں بھی اس کی ایک شاخ قائم ہے۔
 ڈِبسی کو نمایاں بنانے والی چیز ذائقوں کے حوالے سے اس کا منفرد اور تخلیقی انداز ہے۔ اس کے مینیو میں ایسی ماچا آئس کریم شامل ہے جو اَسائی کے ساتھ پیش کی جاتی ہے جبکہ معصوب سے متاثرہ ذائقہ اور حتیٰ کہ مصالحے دار چاکلیٹ آئس کریم بھی دستیاب ہے۔
جو لوگ خاص طور پر منفرد ذائقے آزمانا چاہتے ہیں، ان کے لیے پیپسی فلیور آئس کریم بھی موجود ہے۔
دلچسپ ذائقوں میں اس کا خصوصی کھجور اور چاکلیٹ فلیور بھی شامل ہے جس میں خطے کے دو انتہائی مانوس اجزا کو ایک ساتھ پیش کیا گیا ہے۔
یہ کھجور کی مٹھاس اور چاکلیٹ کے بھرپور ذائقے کا زبردست امتزاج ہے۔

معصوب سے متاثرہ ذائقہ بھی مقامی ذائقوں سے جڑے ہونے کی ایک خوبصورت مثال ہے۔ معصوب سعودی عرب اور یمن کی ایک روایتی میٹھی ڈش ہے جو عموماً کیلے، روٹی اور دیگر اجزا سے تیار کی جاتی ہے۔
یہ دکان نسبتاً چھوٹی ہے تاہم اس کے اندر اور بیرونی نشستوں کا انتظام موجود ہے جس کے باعث یہ فوری طور پر میٹھا کھانے یا دوستوں کے ساتھ پُرسکون وقت گزارنے کے لیے موزوں جگہ ہے۔
جو لوگ آئس کریم کے نت نئے ذائقے آزمانا پسند کرتے ہیں، ان کے لیے ڈِبسی ریاض کے منظرنامے میں ایک دلچسپ اضافہ ہے۔

شیئر: