Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات میں ایک کروڑ سے زیادہ کورونا ٹیسٹ

امارات میں آبادی کی تعداد سے زیادہ ٹیسٹ ہوئے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
متحدہ عرب امارات کے ابلاغی مرکز کے ترجمان ڈاکٹر عمر الحمادی نے کہا ہے کہ امارات میں اب تک ایک کروڑ سے زیادہ کورونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ آبادی کی تعداد سے زیادہ ٹیسٹ ہوئے ہیں۔ امارات اس حوالے سے پوری دنیا میں سرفہرست ہے۔
الامارات الیوم کے مطابق ڈاکٹر الحمادی نے 30 ستمبر سے 6 اکتوبر تک کورونا وائرس کے اعداد و شمار کے حوالے سے بتایا کہ ایک ہفتے کے دوران پورے ملک میں 7 لاکھ  20 ہزار 802 ٹیسٹ کیے گئے- یہ گذشتہ ہفتے کے مقابلے میں 8 فیصد زیادہ ہیں۔ نئے مصدقہ کیسز میں 16 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ 

گذشتہ چوبیس گھنٹوں میں کورونا کے ایک لاکھ گیارہ ہزار 882 ٹیسٹ کیے گئے (فوٹو: گلف نیوز)

انہوں نے کہا کہ گذشتہ ہفتے کے مقابلے میں کورونا سے شفا پانے والوں کی تعداد میں 23 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ گذشتہ ہفتے کے مقابلے میں اس ہفتے مرنے والوں کی تعداد میں بھی 73 فیصد اضافہ ہوا ہے تاہم ستمبر میں دنیا بھر میں وائرس سے جتنی اموات ہوئی ہیں اس حوالے سے امارات میں یہ تناسب پوری دنیا کے مقابلے میں کم ہے۔
الحمادی نے بتایا کہ محدود وقت میں تعلیمی شعبے نے ریکارڈ کامیابی حاصل کی۔ پورے ملک میں 1025 سکول آن لائن تعلیم دے رہے ہیں۔ سکولوں میں جاکر تعلیم پانے والے طلبہ کی مجموعی تعداد 201797 ہے۔ یہ طلبہ کی کل تعداد کا 17.28 فیصد ہیں۔  
انہوں نے مزید کہا کہ نئے کورونا وائرس کی تجرباتی ویکسین کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ اب کوئی شخص کورونا میں مبتلا نہیں ہوگا۔ رضاکارانہ طور پر ویکسین لینے والے کو مدافعتی نظام بہتر بنانے میں چار ہفتے لگتے ہیں۔ 

امارات میں نئے مصدقہ کیسز میں 16 فیصد کا اضافہ ہوا ہے (فوٹو: اے ایف پی)

امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی وام کے مطابق بدھ کو گذشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے ایک لاکھ گیارہ ہزار 882 ٹیسٹ کیے گئے جس کے نتیجے میں ایک ہزار 46 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔ متاثرین کی مجموعی تعداد بڑھ کر ایک لاکھ ایک ہزار 840 ہوگئی۔
وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں میں ایک ہزار 154 افراد صحت یاب ہوئےْ۔ اب تک 91 ہزار 710 مریض شفایاب ہوچکے ہیں۔
گذشتہ روز کورونا سے ایک شخص کی موت ہوئی۔ اس طرح مرنے والوں کی تعداد 436 ہوگئی ہے۔
باخبر رہیں، اردو نیوز کو ٹوئٹر پر فالو کریں

شیئر: