Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عرب دنیا کا موسم آج سے بدل جائے گا

ٹھنڈی ہوائیں چلیں گی اور بارش کے بھی امکانات ہیں۔ (فائل فوٹو: عرب نیوز)
 سعودی ماہر موسمیات ڈاکٹر خالد الزعاق نے کہا ہے کہ اتوار 11 اکتوبر موسم گرما کا آخری دن تھا پیر 12 اکتوبر سے موسم بدل جائے گا۔ 
اخبار 24 کے مطابق ڈاکٹر خالد الزعاق نے بیان میں کہا کہ پیر سے عرب دنیا کا موسم خوشگوار ہو جائے گا۔ خصوصا خلیج کی ریاستوں کا موسم خوشگوار ہوگا، ٹھنڈی ہوائیں چلیں گی اور بارش کے بھی امکانات ہیں۔
الزعاق نے بتایا کہ پیر سے جو موسم شروع ہوگا اسے ہمارے یہاں الوسم کہا جاتا ہے کیونکہ اس موسم کی آمد سے زمین سے پودے نکلنے لگتے ہیں اور مطلع ابر آلود ہونے لگتا ہے۔ اس موسم کا دورانیہ 52 دن ہے۔ 

اتوار 11 اکتوبر موسم گرما کا آخری دن تھا (فوٹو: ٹوئٹر)

سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق جازان میں اتوار کو گردو غبار کی وجہ سے حد نظر محدود ہوگئی تھی۔ کہیں درمیانے درجے اور کہیں موسلا دھار بارش اور ژالہ باری بھی ہوئی۔ تیرہ کمشنریوں اور شاہراہوں پر بارش ہوتی رہی۔ کئی مقامات پر سیلابی کیفیت بھی دیکھنے میں آئی۔
عسیر ریجن سے ملنے والی رپورٹ کے مطابق دس کمشنریوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش  ہوتی رہی۔ اس سے قبل گرد آلود ہواؤں کی وجہ سے حد نظر محدود ہوگئی تھی۔
باحہ میں نو کمشنریوں میں رات تک بارش کا سلسلہ جاری رہا۔
باخبر رہیں، اردو نیوز کو ٹوئٹر پر فالو کریں

شیئر: