Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لاکھوں ریال ’ہنڈی‘ سے بھیجنے والے گرفتار

ملزمان 32 لاکھ ریال سے زیادہ بیرون ملک بھیج رہے تھے ( فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب میں ریاض پولیس نے 30 لاکھ ریال سے زیادہ کی رقم غیرقانونی طریقے سے بیرون ملک بھیجنے والے چار افراد کو گرفتار کیا ہے۔ ان میں دو سعودی اور دو سوڈانی باشندے ہیں۔ 
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق پولیس ترجمان خالد الکریدیس نے بتایا کہ ریاض پولیس ہنڈی کا کاروبار کرنے والے گروہ پر نظر رکھے ہوئے تھی۔
شواہد ملنے پر چھاپہ مارا گیا۔ تحقیقات سے پتہ چلا کہ گروہ 32 لاکھ 30 ہزار 725 ریال بیرون ملک بھیج رہے تھے۔ 
ترجمان نے بتایا کہ پوچھ گچھ کے دوران ملزمان نے یہ نہیں بتایا کہ یہ رقم انہیں کہاں سے اور کس طرح سے حاصل ہوئی تھی۔ ترسیل زر کے لیے غیر قانونی طریقہ استعمال کررہے تھے۔ 
پولیس ترجمان نے مزید بتایا کہ واردات کے ثبوت حاصل کرنے کی کارروائی کی گئی تو پتہ چلا کہ ایک سعودی شہری جو عمر کے چوتھے عشرے میں ہے باقاعدہ ملوث ہے۔ اس نے نجی کمپنی میں اپنے عہدے سے ناجائز فائدہ اٹھا کر ترسیل زر کی کارروائی میں سہولت دی۔ اس خدمت کے معاملے پر گروہ سے کمیشن طے کرلیا تھا۔ 
ترجمان کا کہنا ہے کہ ترسیل زر میں ملوث افراد کے  خلاف فوجداری قانون کے مطابق کارروائی کی گئی ہے۔ 

شیئر: