Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نجی سکولوں سے ایک لاکھ طلبہ نکل گئے

سکولوں کو بحرانی حالات سے نکلنے کے لیے تجاویز دی گئی ہیں۔(فوٹو ٹوئٹر)
سعودی عرب میں ریاض ایوان تجارت میں نجی تعلیم کی کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر عبدالرحمان الحقبانی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے باعث اس سال ایک لاکھ سے زیادہ طلبہ نجی سکولوں سے نکل گئے ہیں۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق الحقبانی نے کہا ہے کہ ان طلبہ نے سرکاری سکولوں میں داخلے لیے ہیں۔
ڈاکٹر عبدالرحمان الحقبانی نے ریاض ایوان تجارت میں نجی تعلیم کمیٹی کے زیر انتظام ورکشاپ کے دوارن کہا کہ موجودہ صورت حال میں نجی سکول مشکل میں آگئے ہیں۔ ایک طرف تو ایک لاکھ سے زیادہ طلبہ نے داخلے ختم کرائے تو دوسری جانب ہزاروں طلبہ سکولوں سے تعلیم مکمل کرکے نکل گئے اور ان کی جگہ نئے داخلہ نہیں ہوئے۔
دوسری جانب تعلیمی فیس ستر فیصد تک کم ہوگئی ہے جس سے سکول اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے سے قاصر ہیں۔

طلبہ نے سرکاری سکولوں میں داخلے لیے ہیں (فوٹو: عرب نیوز)

الحقبانی نے بتایا کہ نجی سکولوں کو بحرانی حالات سے نکلنے کے لیے کئی تجاویز دی گئی ہیں۔ ان میں سے ایک تجویز یہ ہے کہ انہیں 5 ارب ریال تک کے قرضے دیے جائیں اور ’مقابل مالی فیس‘ سے استثنٰی دیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نجی سکولوں کے قرضوں کی ری شیڈولنگ کی جائے۔ پہلی قسط کی وصولی وبا ختم ہونے کے چھ ماہ بعد وصول کی جائے۔ 
الحقبانی نے کہا کہ کمیٹی نے چار ورکنگ ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔ ہر ایک کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے الگ الگ ٹاسک دیے گئے ہیں۔
 ریاض ایوان تجارت میں نجی تعلیم کمیٹی کے زیرانتظام ورکشاپ میں کمیٹی کی حکمت عملی پر بحث بھی ہوئی۔

شیئر: