Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات: نئے کورونا کیسز میں ریکارڈ اضافہ

امارات میں ایک ہزار 431 نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے (فوٹو: اے ایف پی)
متحدہ عرب امارات میں کورونا کے نئے کیسز میں پھر اضافہ ہو رہا ہے۔ بدھ کو گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریکارڈ ایک ہزار 431 نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے۔ وبا کے پھیلاؤ کے بعد یہ ایک دن میں سب سے بڑی تعداد ہے۔
 نئے مریض مختلف قومیتوں کے ہیں اور ان سب کی حالت مستحکم ہے۔ انہیں ضروری علاج فراہم کیا جا رہا ہے۔ متحدہ عرب امارات میں وائرس کے مجموعی متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 10 ہزار39 ہوگئی ہے۔
 امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی وام نے وزارت صحت و تحفظ کے حوالے سے بتایا کہ ملک میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران جدید تشخیصی آلات کی مدد سے کووڈ 19 کے مزید ایک لاکھ 3 ہزار 132 ٹیسٹ  کیے گئے۔

متحدہ عرب امارات میں وبا سے کل اموات کی تعداد 450 ہوگئی ہے (فوٹو: اے ایف پی)

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے زیر علاج مریضوں میں سے مزید 1652 مکمل صحت یاب ہوگئے ہیں۔ اس طرح ملک میں صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد بڑھ کر ایک لاکھ 1 ہزار 659 ہوگئی ہے۔
 وزارت نے بیان میں کہا ہے کہ کورونا کے زیرعلاج مریضوں میں سے مزید دو چل بسے۔ اس وبا سے کل اموات کی تعداد 450 ہوگئی ہے۔
وزارت نے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں سے صحت حکام سے مسلسل تعاون کرنے سماجی فاصلہ برقرار رکھنے سمیت دیگر احتیاطی تدابیر کی پابندی کی پھر تلقین کی ہے۔

شیئر: