Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سابق افغان وزیراعظم حکمت یار کا دورہ

حزب اسلامی کے سربراہ پاکستانی کے وزیراعظم اور صدر سے ملاقاتیں کریں گے (فوٹو: اے ایف پی)
افغانستان کے سابق وزیراعظم اور حزب اسلامی کے سربراہ گلبدین حکمت یار پیر 19 اکتوبر کو تین روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ رہے ہیں۔
پاکستان کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دورے کے دوران گلبدین حکمت یار پاکستان کے وزیراعظم عمران خان، صدر عارف علوی، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، چیئرمین سینٹ، قومی اسمبلی کے سپیکر اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقات کریں گے۔
گلبدین حکمت یار پاکستان کا دورہ ایسے وقت میں کر رہے ہیں کہ افغان حکومت اور طالبان مذاکرات بھی کر رہے ہیں اور ہلمند صوبے میں دونوں فریقین کے درمیان لڑائی بھی جاری ہے۔
وزارت خارجہ کے مطابق گلبدین حکمت یار کے دورے سے نہ صرف افغان امن عمل پر تبادلہ خیال کا موقع فراہم ہوگا بلکہ اس سے پاکستان اور افغانستان کے دوطرفہ تعلقات مضبوط ہوں گے اور اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط پر بھی بات چیت ہوگی۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے۔
’پاکستان افغانستان میں امن، استحکام اور افغان عوام کی خوشحالی کے لیے کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔‘

حزب اسلامی کے سربراہ گلبدین حکمت یار 2019 میں بھی پاکستان آئے تھے (فوٹو: اے ایف پی)

پاکستان نے کہا ہے کہ اس نے ہمیشہ افغان مسئلے کی جامع  سیاسی حل کی حمایت کی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ گلبدین حکمت یار کے دورے سے دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات، عوام کے درمیان روابط اور امن استحکام کی کوششوں میں مدد ملے گی۔
حزب اسلامی کے سربراہ گلبدین حکمت یار نے گذشتہ برس مری میں ہونے والے افغان امن کانفرنس میں بھی شرکت کی تھی۔

کئی سال بعد گلبدین حکمت یار 2017 میں دوبارہ سیاست میں واپسی کا اعلان کیا تھا (فوٹو: اےا یف پی)

گذشتہ ماہ افغانستان کی اعلیٰ سطح کی مفاہمتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ نے بھی اسلام آباد کا تین روزہ دورہ کیا تھا۔
انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان پرامن بقائے باہمی اور باہمی احترام کی بنیاد پر تعلقات کا فروغ ضروری ہے۔ دونوں ممالک کو دہشت گردی اور کورونا جیسے مشترکہ خطرات کا سامنا ہے جس کا مل کر سامنا کرنا چاہیے۔

 

باخبر رہیں، اردو نیوز کو ٹوئٹر پر فالو کریں

شیئر: