Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایشیائی کارکن نے کفیل کا گلا گھونٹ دیا

مقتول کے بیٹے کا کہنا ہے کہ جب والد کی گردن پر کپڑا لپٹا ہوا دیکھا تو واردات کا شبہ ہوا (فوٹو: ٹوئٹر)
دبئی میں فوجداری عدالت نے بوڑھے کفیل کے قتل پر ایشیائی کارکن کے خلاف مقدمے کی سماعت شروع کر دی ہے۔ ایشیائی شخص نے اپنے کفیل کو نیند کی حالت میں گلا گھونٹ کر ہلاک کردیا تھا۔ 
الامارات الیوم کے مطابق مقتول کی بیوہ نے پبلک پراسیکیوشن کو بیان دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے بچوں کے ہمراہ کچھ کام نمٹا رہی تھی۔
’شام کے وقت واپس آئی تو ملزم نے دروازے پر انہیں بتایا کہ ان کے خاوند فرش پر گر گئے ہیں اور ان کی گردن پر ایک کپڑا لپٹا ہوا ہے۔‘
بیوہ نے بتایا کہ وہ فوری طور پر بیڈ روم کی جانب دوڑیں۔ وہاں پہنچنے پر انہیں اپنے خاوند نظر نہیں آئے۔ ملزم نے بتایا کہ وہ فریج کے قریب پڑے ہوئے ہیں۔ دیکھ کر ایسا لگا کہ ممکن ہے کہ ذیابیطس کی وجہ سے بے ہوشی ہو۔ ایمبولینس آئی تو طبی عملے نے معائنہ کرکے کہا کہ وہ دنیا میں نہیں رہے، تاہم ایک بات سب نے نوٹ کی کہ جیسے ہی گھر پر پولیس پہنچی ایشیائی کارکن وہاں سے فرار ہوگئے۔ 
بیوہ نے اپنے بیان میں یہ بھی بتایا کہ ان کا خاوند ذیابیطس کے مرض میں مبتلا تھے- انہوں نے اپنی ایک آنکھ کا آپریشن بھی کرایا تھا۔ ان کی قوت سماعت اچھی نہیں تھی۔ تنہا چل نہیں سکتے تھے مگر ان کی ذہنی حالت اچھی تھی۔ 
بیٹے کا کہنا ہے کہ جب والد کی گردن پر کپڑا لپٹا ہوا دیکھا تو واردات کا شبہ ہوا۔ شبے کی وجہ یہ بھی تھی کہ ان کے والد ہمیشہ ایشیائی کارکن کی بدزبانی اور بدسلوکی کی شکایت کرتے رہتے تھے۔ 
پولیس نے واقعے کی جگہ سے فرار ہونے والے ایشیائی کارکن کو گرفتار کر لیا۔ پوچھ گچھ  کے دوران انہوں نے اعتراف کیا کہ مقتول سے ان کی تلخ کلامی ہوگئی تھی اور انہوں نے غصے میں آکر گلا گھونٹ دیا تھا۔  

شیئر: