وزیرخارجہ اسحاق ڈار ’صیر بنی یاس فورم‘ میں شرکت کے لیے امارات پہنچ گئے
پاکستان کے وزیرخارجہ اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار دو روزہ دورے پر ابوظبی پہنچ گئے ہیں۔
وزارت خارجہ کی جانب سے جمعے کو جاری کردہ بیان کے مطابق اسحاق ڈار ابوظبی سے 16ویں صیر بنی یاس فورم میں شرکت کے لیے صیر بنی یاس روانہ ہوں گے۔
بیان کے مطابق صیر بنی یاس فورم کا انعقاد 12 سے 14 دسمبر تک جاری رہے گا۔
ابوظبی ایئر پورٹ پر متحدہ عرب امارات کے رائل پروٹوکول کے نمائندے، امارات میں پاکستان کے سفیر شفقت علی خان اور سینیئر حکام نے اسحاق ڈار کا استقبال کیا۔
صیر بنی یاس فورم ایک اعلیٰ سطح کا سالانہ اجتماع ہے جس میں سینیئر عالمی رہنما، پالیسی ساز اور ماہرین خطے اور عالمی سطح کے اہم امور جن میں امن، سکیورٹی اور اقتصادی تعاون شامل ہیں، پر تبادلہ خیال کرتے ہیں۔
پاکستان کے سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق فورم کے دوران نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار علاقائی استحکام، پائیدار ترقی اور معاشی شراکت داری کے فروغ سے متعلق موضوعات پر عالمی رہنماؤں اور ماہرین سے مشاورت کریں گے۔ ’وہ پاکستان کا موقف بھی پیش کریں گے جس میں مکالمے کے فروغ، علاقائی چیلنجز کے حل اور اقتصادی تعاون کے مواقع بڑھانے پر زور دیا جائے گا۔‘
