Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹوئٹر جعلی خبریں پھیلانے والے اکاؤنٹس بند کرے: پاکستان

بے بنیاد خبریں پھیلانے والے اکثر اکاؤنٹس تصدیق شدہ ہیں۔ فوٹو: فری پک
پاکستان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر سے ان اکاؤنٹس کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے جن پر ملک میں غلط معلومات پھیلانے کا الزام ہے۔
یاد رہے کہ منگل کو ٹوئٹر پر پاکستان میں خانہ جنگی کے حوالے سے من گھڑت اور بے بنیاد خبریں پھیلائی گئیں اور یہ سلسلہ تاحال جاری ہے۔ ان میں سے متعدد اکاؤنٹس کا تعلق انڈیا سے ہے جو ٹوئٹر کی جانب سے تصدیق شدہ بھی ہیں۔  
پاکستان میں انٹرنیٹ کے ریگولیٹری ادارے پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ٹوئٹر سے دنیا بھر سے چلنے والے اکاؤنٹس کے خلاف ایکشن کا مطالبہ کیا ہے جو پاکستان کے خلاف منفی پروپیگینڈا کر رہے ہیں۔
پی ٹی اے نے ٹوئٹر کی انتظامیہ سے رابطہ کر کے مطالبہ کیا ہے کہ کمپنی اپنے ملازمین کو اس حوالے سے آگاہی دے تاکہ اس پلیٹ فارم کو غلط معلومات پھیلانے والے پروپیگنڈا کے ہتھیار کے طور پر استعمال نہ کیا جائے۔
معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق نے کہا ہے کہ ’عام اکاؤنٹس کے علاوہ تصدیق شدہ اکاؤنٹس سے بے بنیاد پوسٹس ٹوئٹر انتظامیہ پر سوالیہ نشان ہیں۔‘
پی ٹی اے کے مطابق ’پاکستان، اس کے شہریوں اور اداروں کو نشانہ بنانے والی گھناؤنی مہم کے بعد ٹوئٹر انتظامیہ پر زور دیا ہے کہ اس پروپیگنڈے میں شامل اکاؤنٹس کو بلاک کیا جائے۔‘
بیان میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی اے کو اس امر سے مایوسی ہوئی ہے کہ غلط خبریں پھیلانے والے متعدد اکاؤنٹس ایسے ہیں جو ٹوئٹر سے ویریفائیڈ یعنی تصدیق شدہ ہیں۔
یاد رہے کہ تصدیق شدہ اکاؤنٹس وہ ہوتے ہیں جن کو ٹوئٹر انتظامیہ کی جانب سے نیلا بیج جاری کیا جاتا ہے جو اس بات کی علامت ہے کہ اس اکاؤنٹ کی باقاعدہ تصدیق کی جا چکی ہے۔
پی ٹی اے نے ٹوئٹر سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے اکاؤنٹس کے خلاف اپنی گائیڈلائن اور پالیسی کے مطابق فوری ایکشن لیا جائے جو تصدیق شدہ ہیں مگر غلط معلومات پھیلانے میں ملوث ہیں۔

شیئر: