Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ابوظبی کے صنعتی علاقے میں ڈرون حملے کے بعد آگ بھڑک اٹھی

یہ کمپلیکس متحدہ عرب امارات کی سب سے بڑی توانائی کمپنی ادنوک کی اہم تنصیبات پر مشتمل ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
ابوظبی کے صنعتی علاقے روئیس انڈسٹریل کمپلیکس میں منگل کو اچانک آگ بھڑک اٹھی، تاہم حکام کے مطابق اب تک کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ ابوظبی میڈیا آفس کے مطابق آگ پر قابو پانے کے لیے ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔
عرب نیوز کے مطابق یہ کمپلیکس متحدہ عرب امارات کی سب سے بڑی توانائی کمپنی ادنوک کی اہم تنصیبات پر مشتمل ہے، جو روزانہ 9 لاکھ 22 ہزار بیرل تک تیل ریفائن کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ یہی خطہ امارت کے ڈاؤن سٹریم آپریشنز کا مرکزی مرکز بھی ہے، جہاں کیمیکل، کھاد اور صنعتی گیس کے بڑے پلانٹس واقع ہیں۔
صورتحال اس وقت مزید سنگین ہو گئی جب متحدہ عرب امارات کی وزارتِ دفاع نے اعلان کیا کہ ملک کے فضائی دفاعی نظام ایران کی جانب سے داغے گئے میزائل اور ڈرون حملوں کا جواب دے رہے ہیں۔ وزارت کے مطابق دفاعی سسٹم مکمل طور پر فعال ہے اور ممکنہ خطرات کا مقابلہ کیا جا رہا ہے۔
اسی دوران ابوظبی کے زاید ملٹری ہسپتال میں ایک نہایت سوگوار منظر بھی دیکھا گیا، جہاں یو اے ای فضائیہ کے دو پائلٹوں کیپٹن سعید البلوشی اور فرسٹ لیفٹیننٹ علی التنیجی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے فوجی اعزاز کے ساتھ ان کی نمازِ جنازہ ادا کی گئی۔ دونوں پائلٹس رواں ہفتے ایک تکنیکی خرابی کے باعث ہیلی کاپٹر حادثے میں جان سے گئے تھے۔
اس موقع پر وزارتِ دفاع کی اعلیٰ قیادت، سینیئر افسران اور شہداء کے اہلِ خانہ بھی موجود تھے، جنہوں نے اپنے بہادر سپوتوں کی خدمات اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

 

شیئر: