Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کیا واٹس ایپ کے استعمال پر اب ماہانہ فیس ادا کرنا ہو گی؟

واٹس ایپ پلس میں صارفین کو ایسے اضافی ٹولز فراہم کیے جائیں گے جو عام ورژن میں نہیں ہوتے (فوٹو: گیٹی)
دنیا کی مقبول ترین میسجنگ ایپ واٹس ایپ ایک نئے پریمیم سبسکرپشن پلان ’واٹس ایپ پلس‘ پر کام کر رہی ہے، جس کے تحت صارفین کو ایپ میں مزید کسٹمائزیشن اور چیٹ کنٹرول کی اضافی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
یہ سبسکرپشن موجودہ مفت ورژن کے ساتھ ہی دستیاب ہوگا، یعنی جو صارفین اضافی فیچرز چاہتے ہیں وہ ماہانہ فیس ادا کر کے انہیں استعمال کر سکیں گے۔
رپورٹس کے مطابق واٹس ایپ اپنی بنیادی سروسز بدستور مفت رکھنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ صارفین بغیر کسی فیس کے پیغامات بھیج سکیں گے، وائس اور ویڈیو کال کر سکیں گے، فوٹو و ویڈیوز شیئر کر سکیں گے اور پرائیویسی ٹولز استعمال کر سکیں گے۔
تاہم پریمیم سبسکرپشن لینے والے صارفین کو ایپ کے ڈیزائن اور استعمال کے انداز کو مزید بہتر بنانے کے لیے اضافی فیچرز دیے جائیں گے۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ ’ڈبلیو اے بیٹا انفو‘ کے مطابق واٹس ایپ اس فیچر کو اینڈرائیڈ اور آئی او ایس کے ڈیویلپمنٹ ورژنز میں آزما رہی ہے۔ رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ کمپنی ایک ویٹ لسٹ سسٹم پر بھی تجربہ کر رہی ہے، جس کے ذریعے بیٹا صارفین سبسکرپشن دستیاب ہونے پر نوٹیفیکیشن حاصل کر سکیں گے۔

واٹس ایپ پلس کے ممکنہ فیچرز

مجوزہ واٹس ایپ پلس سبسکرپشن میں بنیادی طور پر کسٹمائزیشن اور چیٹ مینجمنٹ کو بہتر بنانے پر توجہ دی گئی ہے۔
اس سبسکرپشن کے صارفین کو ایسے اضافی ٹولز فراہم کیے جائیں گے جو عام ورژن میں دستیاب نہیں ہوں گے۔ رپورٹس کے مطابق اس میں چیٹس اور ایپ انٹرفیس کے لیے کسٹم تھیمز، تین کے بجائے بیس چیٹس پن کرنے کی سہولت، صرف سبسکرائبرز کے لیے خصوصی سٹیکر پیکس اور ایپ کے چودہ مختلف آئیکنز کا انتخاب شامل ہوگا۔
اس کے علاوہ صارفین کو انٹرفیس کے لیے 19 ایکسنٹ کلر آپشنز، واٹس ایپ کالز کے لیے کسٹم رنگ ٹونز، اضافی ری ایکشنز اور گفتگو کے خصوصی ایفیکٹس بھی مل سکیں گے۔ یہ فیچرز خاص طور پر ان صارفین کے لیے مفید ہوں گے جو روزمرہ رابطوں کے لیے واٹس ایپ کا زیادہ استعمال کرتے ہیں اور ایپ کو اپنی مرضی کے مطابق بنانا چاہتے ہیں۔

کمپنی کی جانب سے ابھی تک اس سبسکرپشن کو لانچ کرنے کی تاریخ یا قیمت کا اعلان نہیں کیا گیا (فائل فوٹو: پکسابے)

دستیابی اور آزمائش

واٹس ایپ کی جانب سے ابھی تک اس سبسکرپشن کو لانچ کرنے کی تاریخ یا قیمت کے بارے میں کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔ یہ فیچر ابھی تیاری کے مرحلے میں ہے اور کمپنی محدود تعداد میں بیٹا صارفین کے ساتھ اس کے مختلف پہلوؤں کی آزمائش کر رہی ہے۔
کچھ بیٹا صارفین کو سیٹنگز مینیو یا سٹیکر کی بورڈ میں ایک بینر بھی نظر آرہا ہے جس کے ذریعے وہ ویٹ لسٹ میں شامل ہو کر سبسکرپشن کے آغاز سے متعلق اطلاع حاصل کر سکتے ہیں۔
فی الحال واٹس ایپ اپنی بنیادی میسجنگ سروس کو دنیا بھر کے اربوں صارفین کے لیے مفت رکھنے کے ساتھ ساتھ نئے فیچرز شامل کرنے پر کام جاری رکھے ہوئے ہے۔

شیئر: