Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات:فضائی حدود سے یومیہ ہزار پرواز

اکتوبر 2020 کے دوران اوسطاً یومیہ ایک ہزار طیاروں نے متحدہ عرب امارات کی فضائی حدود کو استعمال کیا (فوٹو: وام)
متحدہ عرب امارات میں ایوی ایشن انڈسٹری پر کورونا وائرس کے اثرات بتدریج کم ہو رہے ہیں۔
جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ایک سینیئر عہدیدار نے بتایا ہے کہ اکتوبر 2020 کے دوران اوسطاً یومیہ ایک ہزار طیاروں نے متحدہ عرب امارات کی فضائی حدود کو استعمال کیا جو رواں سال اپریل میں فضائی ٹریفک کے مقابلے میں 200 فیصد زیادہ تعداد ہے۔

 

امارات کی خبر رساں ایجنسی وام کے مطابق اتھارٹی کے ڈی جی سیف محمد السویدی نے بتایا کہ کورونا وائرس کی عالمی وبا کے منفی اثرات بتدریج ختم ہورہے ہیں اور یہ پیشرفت امارات کے حکام کی جانب سے ان منفی اثرات کو کم کرنے کی کاوشوں کا ثمر ہے۔
انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات نے اس بحران کے دوران دو نئی فضائی کمپنیاں ایئرعربیہ ابوظبی اور فایس ایئر ابوظبی شروع کی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ پیشرفت نہ صرف ہوابازی کے شعبے میں کامیابی کا ثبوت ہے بلکہ اس شعبے میں اہم اضافہ بھی ہے۔
ایئر عربیہ ابوظبی پہلی کم خرچ فضائی کمپنی ہے جس کا آغاز 14 جولائی 2020 کو کیا گیا ہے جبکہ فایس ایئر کے آپریشنز متوقع طور پر آنے والے ہفتوں میں شروع ہوں گے۔
سیف محمد السویدی نے مزید کہا کہ فضائی آپریشنز کو محفوظ بنانے کےلیے حکومت کی جانب سے عملی اقدامات اور موثر احتیاطی تدابیر سے ایوی ایشن انڈسٹری کو جلد بحالی کا موقع ملا۔ اس کے ساتھ وائرس کے پھیلاؤ کو بھی روکنے میں مدد ملی ہے۔

شیئر: