Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں عربی رسم الخط کا سال

عربی رسم الخط کے ایک اور برس کی توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے- فوٹو العربیہ
سعودی وزارت ثقافت نے پہلے ثقافتی موسم کی شروعات ’عربی رسم الخط کا سال‘ کے عنوان سے کی ہے۔ عربی رسم الخط عرب تمدن کا جمالیاتی عنصر مانا جاتا ہے۔ اسے فنون جمیلہ سے دلچسپی رکھنے والوں کے یہاں بڑی اہمیت حاصل ہے۔ عربی رسم الخط عالم عرب کی جغرافیائی سرحدوں کو عبور کرکے پوری دنیا میں اپنی جمالیاتی شان تسلیم کراچکا ہے۔  
العربیہ نیٹ کے مطابق وزایر ثقافت شہزادہ بدر بن عبداللہ بن فرحان نے 2020 کو عربی رسم الخط کا سال قرار دیا ہے۔ وزارت ثقافت اس حوالے سے مختلف پروگرام کرے گی۔ رسم الخط سے تعلق رکھنے والے افراد سرکاری و نجی اداروں کو نمائشوں اور پروگراموں میں شریک کرے گی۔ پروگراموں کا دائرہ سعودی عرب کے تمام صوبوں، شہروں اور کمشنریوں تک پھیلایا جائے گا۔


وزارت ثقافت رسم الخط کے حوالے سے مختلف پروگرام کرے گی- فوٹو العربیہ

علاوہ ازیں رسم الخط کو جدید تر اور حسین تر بنانے کے  لیے آن لائن افکار و خیالات کا خیر مقدم بھی کیا جائے گا۔  
عربی رسم الخط سال کا نمایاں ترین واقعہ یہ ہے کہ مدینہ منورہ میں دارالقلم برائے عربی رسم الخط کو ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے منسوب کردیا گیا اور اسے دنیا بھر کے خوش نویسوں اور عربی رسم الخط کا انٹرنیشنل پلیٹ فارم بنادیا گیا۔ یہ فیصلہ اس تناظر میں بھی کیا گیا کہ مدینہ منورہ کو عربی رسم الخط کی تاریخ میں اہم مرکز کی حیثیت حاصل ہے- یہ قرآن کریم و سیرت مبارکہ کی تدوین کے بعد عربی رسم الخط نے نیا سفر شروع کیا-  

آن لائن افکار و خیالات کا خیر مقدم کیا جائے گا- فوٹو وزارت ثقافت

اپریل 2020 کے شروع میں ریاض اور جدہ جیسے اہم شہروں میں عربی رسم الخط دیواروں اور سرکاری اداروں کی تزئین و آرائش کے لیے استعمال کیا گیا۔ وزارت ثقافت نے جدہ، ریاض اور الخبر کے فنکاروں کے تعاون سے عربی رسم الخط سے دیواروں کو سجانے کا پروگرام کیا۔
مسجد الحرام  میں خانہ کعبہ  کے غلاف کڑھائی میں عربی رسم الخط استعمال کیا جارہا ہے۔ وزارت ثقافت نے غلاف کعبہ کی تیاری اور اس پر عربی رسم الخط کے حوالے سے تعارفی مہم چلائی۔ سعودی عرب ہر سال غلاف کعبہ تبدیل کرتا ہے۔ غلاف قرآنی آیات، اللہ تبارک و تعالی کے نام اور تکبیرات سے مزین ہوتا ہے۔ 


وزارت ثقافت نے فنکاروں کے عربی رسم الخط سجانے کا پروگرام کیا- فوٹو العربیہ

کورونا وبا کے دوران ’الخطاط‘ پلیٹ فارم کا افتتاح کیا گیا۔ یہ عربی رسم الخط اور اس کا ہنر آن لائن سکھانے والا پہلا پلیٹ فارم ہے۔
وزارت ثقافت نے اسپورٹس منسٹری کے تعاون سے فٹبال کے کھلاڑیوں کے نام انگریزی کے بجائے عربی رسم الخط میں تحریر کرنے کی رسم شروع کی۔ 
وزارت ثقافت کے ترجمان عبدالکریم الحمید نے بتایا کہ عربی رسم الخط کے سال میں ایک اور برس کی توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کا مقصد رسم الخط کا جشن شایان شان طریقے  سے منانا ہے۔ 

 

خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: