Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مشرقی ریجن میں دس لاکھ سے زیادہ کورونا ٹیسٹ

  تاکد سینٹر چوبیس گھنٹے کام کر رہا ہے۔(فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب کے مشرقی ریجن میں محکمہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ابراہیم العریفی نے کہا ہے کہ ہمارے یہاں تاکد سینٹر نے پانچ ماہ قبل کووڈ 19 نئے کورونا وائرس کے ٹیسٹ شروع کیے تھے۔ اب تک دس لاکھ سے زیادہ ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔
اخبار 24 کے مطابق تاکد سینٹر میں جن لوگوں کے کورونا ٹیسٹ لیے ہیں۔ ان میں سعودی اور مقیم غیر ملکی دونوں شامل ہیں۔
تاکد سینٹر نے چھ لاکھ اور الشرقیہ ریجن کے ماتحت ریجنل لیبارٹری نے ساڑھے چار لاکھ سے زیادہ ٹیسٹ کیے ہیں۔

80 سے زیادہ اہلکار ڈیوٹی پر تعینات ہیں۔(فوٹو ایس پی اے)

السعودیہ چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ  تاکد سینٹر چوبیس گھنٹے کام کر رہا ہے۔ 80 سے زیادہ اہلکار ڈیوٹی پر تعینات ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب میں کورونا کے کیسز جب بہت زیادہ بڑھ گئے تھے اس وقت انتہائی نگہداشت کے لیے اضافی بستروں کا انتظام کیا گیا تھا۔
ڈاکٹر ابراہیم العریفی نے کہا کہ موسمی انفلوئنزا ویکسین پروگرام شروع کردیا گیا ہے جو لوگ ویکسین لگوانا چاہتے ہوں وہ ’صحتی ایپ‘ کے ذریعے  پیشگی وقت لیں۔ سب لوگ خصوصا معمر اور لاعلاج امراض میں مبتلا افراد ویکسین ضرور لگوائیں۔

شیئر: