Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ہروب‘ لگا ہے یا نہیں، کیسے معلوم کریں؟

خروج نہائی پرجانے والوں کے دوبارہ واپس آنے پر پابندی نہیں۔(فوٹو سوشل میڈیا)
سعودی عرب میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے نافذ لاک ڈاؤن کے خاتمے کے بعد حالات معمول پر آنے لگے ہیں۔ کورونا کے نئے کیسز مسلسل کم ہو رہے ہیں۔ اسی تناظر میں بین الاقوامی پروازوں کی بحالی بھی مرحلہ وار جاری ہے۔ 
موجودہ صورت حال کے حوالے سے قارئین نے اپنی مشکلات اور مسائل سے متعلق مزید سوالات بھیجے ہیں۔
ملک جاوید کا سوال ہے کہ ‘میرا اقامہ ختم ہونے کے بعد خروج لگا ہے۔ 6500 ریال فیس بھی دی ۔ کیا میں نئے ویزے پر واپس آسکتا ہوں؟‘
جواب۔ سعودی عرب میں وزارت محنت کے قانون کے مطابق وہ تارکین جو قانونی طور پر فائنل ایگزٹ یعنی خروج نہائی پر وطن جاتے ہیں ان کے دوبارہ واپس آنے پر کوئی پابندی نہیں۔ اس لیے آپ جب چاہئیں دوسرے ویزے پر مملکت آسکتے ہیں تاہم ابھی مملکت میں ویزہ اور قانون محنت تبدیل ہو رہے ہیں۔ 
تبدیل ہونے والے قوانین میں اقامہ کے حوالے سے بھی نکات شامل ہیں۔ نئے قوانین کے مطابق کفالت سسٹم ختم کرکے ورک ایگریمنٹ کو بنیادی اہمیت حاصل ہو گی تاہم اس کےلیے ضروری ہو گا کہ غیر ملکی کارکن مقامی لیبر مارکیٹ کی ضرورت کے مطابق فنی صلاحیت کا حامل ہو۔ 
نئے قوانین کا اطلاق مارچ 2021 سے کیا جائے گا ۔ نئے قوانین جاری ہونے کے بعد بہت سے معاملات تبدیل ہوجائیں گے۔ جب تک صورتحال واضح نہ ہو کچھ کہنا قبل ازوقت ہوگا۔ 
رفیق اللہ حنفی کا سوال ہے میرا اقامہ سائق خاص کا ہے جو 2 برس سے ختم ہے پاکستان کس طرح جاوں؟ 
جواب۔ کارکنوں کے حقوق سے متعلق قوانین کے تحت اقامہ کی بروقت تجدید کفیل کی ذمہ داری ہے۔ اگر آپ کا اقامہ 2 برس سے ختم ہے تو اس کا جواب دہ کفیل ہوگا آپ کو چاہئے کہ لیبر آفیس میں شکایت دائر کریں۔

وزارت کی ویب سائٹ سے اپنے سٹیٹس کے بارے میں معلوم کرلیں۔(فوٹو ایس پی اے)

یہ معلوم کرنا اہم ہو گا کہ کہیں کفیل نے ہروب تو نہیں لگا دیا۔ آپ کو چاہئے کہ وزارت افرادی قوت کی ویب سائٹ پر لاگ ان کرکے اپنے سٹیٹس کے بارے میں قانونی طور پر معلوم کرلیں۔  
https://www.mol.gov.sa/securessl/login.aspx
وزارت کی ویب سائٹ انگلش اور اردوزبان میں بھی ہے تاکہ اس سے وہ غیر ملکی بھی مستفض ہو سکیں جنہیں عربی نہیں آتی۔ 
 ویب سائٹ پر لاگ ان کرنے کے بعد زبان کا انتخاب کریں جہاں عربی، انگلش اور اردو کی سہولت موجود ہے۔ بعدازاں ’غیر ملکی ملازم کے بارے میں پوچھیں‘ کےآپشن کو استعمال کرتے ہوئے وہاں اپنا اقامہ نمبراوردوسرے خانے میں ظاہر ہونے والا نمبروں کا کوڈ فیڈ کرکے ’بحث‘ کے آپشن کو کلک کریں جس کے بعد آپ کومعلوم ہو جائے گا کہ آپ کا اقامہ کارآمد ہے ، ہروب لگا ہے یا نہیں اگر ہروب لگا ہو گا تو وہاں ’متغیب عن العمل ‘ لکھا ہو گا اگر نہیں تو عربی میں ’ علی راس العمل ‘ درج ہوگا ۔  
جہاں تک آپ نے پاکستان جانے کے حوالے سے کہا ہے تو اس کےلیے لازمی ہے کہ اقامہ کارآمد ہو سب سے پہلے اقامہ تجدید کرانا ہو گا کیونکہ آپ کا اقامہ ایکسپائر ہے اس کا جرمانہ بھی اداکرنا ہوگا۔

آپ کا اقامہ ایکسپائر ہے اس کا جرمانہ بھی اداکرنا ہوگا۔(فوٹو ایس پی اے)

پہلی بار اقامہ ایکسپائر ہونے پر جرمانہ 500 ریال ہے اگر دوسرے برس بھی اقامہ تجدید میں تاخیر ہوتی ہے تو جرمانہ 1000 ریال ہوتا ہے جبکہ تیسری بار تاخیر پر غیر ملکی کارکن کا خروج کردیا جاتا ہے۔ 
یاد رکھیں فائنل ایگزٹ کے لیے اقامہ کا ویلڈ ہونا ضروری ہے جب تک اقامہ کی تجدید نہیں کرائی جائے گی خروج نہائی نہیں لگے گا اگرخروج نہائی کے بغیر ترحیل سے سفر کرتے ہیں تو اس صورت میں آئندہ کےلیے آپ کو مشکل پیش آسکتی ہے۔ اس لیے کوشش کریں کہ قانونی طور پر خروج نہائی ویزا حاصل کرکے ہی وطن جائیں تاکہ آئندہ کے لیے نئے ویزے پراگر آنا ہو تو کسی قسم کی دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ 

شیئر: