Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مجھے کورونا وائرس ہوا اور 'پتا بھی نہیں چلا'

مارک باؤچر کے مطابق ’تماشائیوں کے بغیر میچ کھیلنا غیر معموملی تجربہ ہوگا' (فوٹو: روئٹرز)
جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مارک باؤچر نے جمعرات کو انکشاف کیا کہ انہیں کورونا وائرس ہوا تھا لیکن انہیں اس کا علم نہیں ہوا تھا۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق مارک باؤچر نے یہ انکشاف انگلینڈ کے خلاف ہونے والی محدود اوورز کی سیریز سے قبل بات کرتے ہوئے کیا۔
بدھ کو جنوبی افریقہ کی ٹیم کے کھلاڑی جمع ہوئے تھے اور اس وقت ایک کھلاڑی، جس کا نام نہیں بتایا گیا، کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔
وہ کھلاڑی اور دیگر دو، جو اس کے قریب موجود تھے، کو باقی ٹیم سے الگ کر دیا گیا اور ٹیم کا طبی عملہ ان کی حالت کا جائزہ لے رہا ہے۔
کرکٹ ساؤتھ افریقہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ تینوں کھلاڑیوں میں کورونا وائرس کی کوئی علامات ظاہر نہیں ہوئی تھیں۔
ہیڈ کوچ مارک باؤچر کا کہنا تھا کہ انہیں متاثرہ کھلاڑیوں سے ہمدردی ہے۔
'ایک کمرے میں چھ یا سات دنوں تک اکیلے بیٹھنا بہت مشکل ہے۔'
ان کا کہنا تھا کہ وہ خوش نصیب ہیں کہ وہ بیماری سے زیادہ متاثر نہیں ہوئے۔
'مجھے پتا بھی نہیں تھا کہ مجھے یہ (کورونا وائرس) ہے۔ مجھے ایک یا دو دن تک تھوڑی کمزوری محسوس ہوئی۔ جب میں کچھ کھلاڑیوں کو نیٹ میں گیند کرا رہا تھا تب مجھے کچھ درد محسوس ہوا تھا۔'

بدھ کو جنوبی افریقہ کی ٹیم کے ایک کھلاڑی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا (فوٹو: روئٹرز)

انہوں نے مزید بتایا کہ جنوبی افریقہ کے صدر سیرل رامافوسا کے احکامات کے تحت پہلے دو میچوں میں کورونا وائرس اور صنفی تشدد کے متاثرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے قومی جھنڈے کو سرنگوں رکھا جائے گا۔ ہو سکتا ہے کہ کھیل کے دوران کھلاڑی اس کے لیے ہاتھ میں سیاہ پٹیاں بھی پہنیں۔
کورونا وائرس کی وبا کے دور میں میچ کھیلنے کے بارے میں مارک باؤچر کا کہنا تھا کہ شائقین کے بغیر بین الاقوامی سطح پر میچ کھیلنا غیر معموملی تجربہ ہوگا۔ 'لیکن جذبے کی کوئی کمی نہیں ہوگی اور ہمیں معلوم ہے کہ لوگ ہمیں ریکھ رہے ہوں گے۔'

شیئر: