Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 مسجد الحرام میں قدیم اذان کی ویڈیو وائرل

مصنف نے اپنی کتاب میں مکہ اور جدہ میں اپنے مشاہدات درج کیے ہیں(فوٹو، ٹوئٹر)
کنگ عبدالعزیز اکیڈمی نے مسجد الحرام مکہ میں اذان کی قدیم ترین دستاویز جاری کی ہے۔ یہ 138 برس سے زیادہ پرانی ہے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق حرم شریف میں اذان 1302 مطابق 1885 عیسوی کو ریکارڈ کی گئی تھی۔
اس کا سہرا ہالینڈ کے سیاح اور اسلامیات کے سکالر گریسٹن ہینوب ہرگرونی کے سر جاتا ہے۔ آڈیو کا یہ ریکارڈ ہالینڈ کی لیڈن یونیورسٹی میں محفوظ ہے۔  
العربیہ نیٹ کے مطابق ہالینڈ کے سکالر سیاح نے ایک کتاب تصنیف کی تھی جس کا نام ہے ’مکہ 19 ویں صدی کے اواخر میں۔‘
ہالینڈ کے سیاح نے اپنی اس کتاب میں سال مذکور کے دوران حرم شریف مکہ میں نماز کے دوران سورۃ الضحیٰ کی تلاوت اور اذانیں ریکارڈ کی تھیں۔
انہوں نے اپنی کتاب میں مکہ اور جدہ کے اپنے مشاہدات اور تاثرات بھی تحریر کیے۔  
کتاب میں موذن حرم ’الریس ‘ کی تصاویربھی شامل کی ہیں۔ ایسا لگتا ہے کہ آڈیو میں جو اذان محفوظ ہے وہ انہی کی آواز میں ہے۔  
اس زمانے میں بیک وقت 7 موذن سات میناروں سے اذان دیا کرتے تھے۔ ایسے عالم میں اذان کی ریکارڈنگ تھوڑا مشکل کام تھا۔
تاہم ہالینڈ کے سیاح نے اذان کا جو آڈیو ریکارڈ محفوظ کرایا تھا اس میں آواز صاف ہے جس سے ایسا لگتا ہے کہ وہ حرم شریف میں نمازوں کے لیے دی جانے والی اذان کی ریکارڈنگ نہیں بلکہ موذن نے خاص طور پر سکالر کے لیے اذان دی ہو گی۔

شیئر: