Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نواز شریف اور چوہدری شجاعت کا ٹیلیفونک رابطہ

چوہدری شجاعت نے نواز شریف کی صحت بارے میں دریافت کیا (فوٹو: ٹوئٹر)
سابق وزیراعظم نوازشریف اور پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کا ٹیلیفون پر رابطہ ہوا ہے جس میں چوہدری شجاعت نے نواز شریف سے ان کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔
مسلم لیگ (ق) کی طرف سے منگل کو جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ چوہدری شجاعت حسین نے نواز شریف سے کہا کہ ’آپ کی والدہ سے دو مرتبہ ملاقات ہوئی۔ وہ انتہائی ملنسار اور شفیق خاتون تھیں اور ہمیشہ بہت پیار سے پیش آتی تھیں۔‘

 

چوہدری پرویزالہیٰ نے بھی میاں نوازشریف سے تعزیت کی۔ انہوں نے کہا کہ ’آپ کی والدہ تمام خاندان کے لیے ایک شفیق سائبان تھیں۔ دعا ہے کہ انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام ملے۔‘
چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویزالہیٰ نے میاں نوازشریف کی صحت بارے دریافت کیا جس پر انہوں نے بتایا کہ ’مجھے گردوں کا انفیکشن ہے۔‘
میاں نوازشریف نے چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویزالہیٰ سمیت ان کے تمام اہل خانہ کا شکریہ ادا کیا۔
مسلم لیگ (ق) کے ترجمان چوہدری اقبال سے استفسار کیا گیا کہ یہ ٹیلیفونک رابطہ چوہدری شجاعت حسین کی طرف سے کیا گیا یا نواز شریف کی جانب سے تو انہوں اس حوالے سے لاعلمی کا اظہار کیا۔

شیئر: