Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سائق خاص‘ کے لیے فیملی ویزہ جاری ہو سکتا ہے؟

ضیافت ویزہ پر غیر ملکی اپنے عزیزوں کو بلا سکیں گے(فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی عرب میں غیر ملکی کارکنوں کے لیے مختلف کیٹگریز مقرر کی گئی ہیں۔ درجہ بندی کے قانون کے مطابق انہیں مختلف سہولتیں فراہم کی جاتی ہیں۔
ویزہ قانون ملازمت کے معاہدے سے مربوط ہوتا ہے ۔ ملازمین کے لیے لازمی ہے کہ وہ جس ادارے یا شخص کی زیر کفالت ہوں انکے پاس ہی ملازمت کریں۔
ملازمین کے لیے بنیادی طور پر2 کیٹگریز ہیں جن میں انفرادی  اور کمپنی  کے ملازمین شامل ہیں۔
انفرادی ملازمین جنہیں سعودی عرب میں ’عمالہ فردی ‘ کہا جاتا ہے میں فیملی ڈرائیور، خانساما ، گھریلو ملازمین، چوکیدار اور مزارع وغیرہ آتے ہیں جبکہ کمپنی کے ملازمین میں فنی ماہرین اور پیشہ ورڈگری یافتہ کارکن شامل ہوتے ہیں۔
انفرادی ویزوں پر آنے والوں کےلیے قوانین مختلف ہوتے ہیں کیونکہ ان کے اقاموں کی فیس کا وزارت محنت و سماجی بہبود آبادی سے ربط نہیں ہوتا جبکہ یہ پیشہ سعودائزیشن کی مد میں بھی شامل نہیں۔
انفرادی ویزوں پرآنے والوں کے لیے تعلیمی یاپیشہ ورانہ اہلیت بھی درکار نہیں ہوتی اور انہیں فیملی اسٹیٹس بھی نہیں دیا جاتا۔

فیملی اسٹیٹس کے بغیر اہل خانہ کا ویزہ جاری نہیں کیاجاتا(فوٹو، ٹوئٹر)

انس ستار ۔ کیا سائق خاص اپنے فیملی کو وزٹ ویزے پر بلا سکتا ہے؟
جواب۔ سعودی عرب میں فیملی اسٹیٹس رکھنے والے کارکنوں کو فیملی ویزے جاری کیے جاتے ہیں۔
سائق خاص یعنی فیملی ڈرائیور کے لیے اپنی فیملی کو وزٹ ویزے پر بلانے کی اجازت نہیں۔
 فیملی اسٹیٹس سے مراد وہ غیر ملکی جن کی آمدنی اتنی ہو کہ وہ مملکت میں اپنی فیملی کے اخراجات باسانی برداشت کرسکیں انہیں فیملی ویزے جاری کیے جاتے ہیں۔
عمران خان۔ پروفیشنل ٹرک ڈرائیور فیملی وزٹ ویزے نکلوا سکتا ہے۔ طریقہ کار کیا ہوگا؟
جواب۔ فیملی وزٹ ویزے کےلیے جو کیٹگری مقرر کی گئی ہے ان میں پروفیشنل ڈگری یا ڈپلومہ ہولڈرز کو اس بات کی اجازت ہوتی ہے کہ وہ اپنی فیملی کو بلا سکیں۔
ٹرک ڈرائیور کا پیشہ ان پیشوں میں شامل نہیں تاہم جلد ہی نئے ’ضیافت ویزے‘ کا قانون تیاری کے آخری مراحل میں ہے جیسے ہی یہ قانون باقاعدہ طورپر جاری ہوگا اس کے تحت مملکت میں قانونی طور پرمقیم تارکین کو یہ اختیار ہوگا کہ وہ اپنے عزیزوں کو ضیافت ویزے پر بلا سکیں گے ۔
ضیافت ویزے پر آنے والے افراد مملکت میں کسی بھی شہر میں جاسکیں گے اور انکی مدت قیام بھی مختلف ہوگی ۔
مذکورہ ویزے کے حوالے سے وزارت حج و عمرہ کی جانب سے تاحال حتمی شرائط جاری نہیں کی گئی ہیں۔
کورونا کی وجہ سے تمام معاملات رکے ہوئے ہیں جیسے ہی کورونا وائرس کی ویکسین لانچ ہو گی یا اس مرض پر بین الاقامی سطح پر قابو پالیاجائے گا نئے قوانین بھی لاگو ہو جائیں گے۔
رضا عدیل سلہری۔ سنگل ڈور گاڑی میں ساتھ بیٹھنے والے کو بھی سیٹ بیلٹ لگانا ضروری ہے؟

ٹریفک قوانین سب کےلیے یکساں ہیں(فوٹو، ٹوئٹر)

جواب ۔ ٹریفک پولیس کے قانون کے مطابق ڈرائیور اورفرنٹ سیٹ پر بیٹھنے والے کے لیے لازمی ہے کہ وہ حفاظتی سیٹ بیلٹ کا استعمال کریں۔
سیٹ بیلٹ استعمال نہ کرنے والوں کا چالان کیاجاتاہے۔ خودکار چالان سسٹم کے تحت سیٹ بیلٹ کا چالان بھی کیاجاتا ہے جو پیسنجر اور ڈرائیور دونوں پر لاگو ہوتا ہے خواہ گاڑی سنگل ڈور ہی کیوں نہ ہو یہ قانون سب کے لیے یکساں ہے۔

نئے پاسپورٹ کا ڈیٹا جوازات میں فیڈ کرانا لازمی ہے(فوٹو، ٹوئٹر)

محمد نعمان قریشی ۔۔ میں فروری میں پاکستان آیا تھا یہاں میرا پاسپورٹ گم ہو گیا میں نے نیا بنوالیا لیکن اب پرانا پاسپورٹ بھی مل گیا ، میری چھٹی ابھی باقی ہے معلوم یہ کرنا ہے کہ کیا میں پرانے پاسپورٹ پر سفر کرسکتا ہوں؟
جواب ۔ اگر آپ نے پرانا پاسپورٹ کینسل نہیں کرایا اور اسکی مدت باقی ہے تو اس پر سفر کرسکتے ہیں۔
جب آپ پرانے پاسپورٹ پر سعودی عرب میں داخل ہوجائیں تو کفیل کو دونوں پاسپورٹ دیں تاکہ وہ جوازات کے سسٹم  نئے پاسپورٹ کی انٹری جسے ’نقل معلومات‘ کہتے ہیں کردے۔
نئے پاسپورٹ کی جوازات میں انٹری کرانے کے بعد آپ اسی نئے پاسپورٹ پر سفر کریں گے۔
 

شیئر: