Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

صوابی: جرگے کے دوران فائرنگ سے سات افراد ہلاک، آٹھ زخمی

زخمیوں کو صوابی کے ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے.(فوٹو: ٹوئٹر)
خیبرپختونخوا کے ضلع صوابی کی تحصیل چھوٹا لاہور میں پولیس حکام کے مطابق جرگے کے دوران فائرنگ سے سات افراد ہلاک جبکہ آٹھ زخمی ہو گئے ہیں۔
چھوٹا لاہور پولیس سٹیشن کے محرر طاہر زمان نے اردو نیوز کو بتایا کہ واقعہ یار حسین کے علاقے میں پیش آیا ہے۔
 
علاقے کے دو فریقین کے درمیان جائیداد پر تنازعہ چل رہا تھا۔ پولیس کے مطابق مقامی افراد نے معاملے کے تصفیے کے لیے جرگہ کا اہتمام کیا جس میں فریقین کو بلایا گیا تھا۔
جرگے کے دوران بحث میں بات بڑھ گئی اور فریقین سے تعلق رکھنے والے افراد نے ایک دوسرے پر فائرنگ کر دی۔
فائرنگ سے سات افراد ہلاک جب کہ آٹھ مزید زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو صوابی کے ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جن میں سے تین کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔
خیبر پختونخوا میں جرگے کے ذریعے جھگڑوں کو نمٹنانے کا سلسلہ قدیم عرصہ سے چلا آ رہا ہے تاہم جرگوں میں فائرنگ کے واقعات پہلے بھی ہوتے رہے ہیں۔

شیئر: