Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا پھر کامیاب نہ ہو سکا: ’یہ ہے مین آف دی میچ‘

آسٹریلیا، انڈیا کے اب تک ہوئے دونوں میچ بڑے سکور کے مقابلے رہے ہیں (فوٹو: بی سی سی آئی)
آسٹریلیا نے انڈیا سے کھیلی جانے والی تین ایک روزہ میچوں کی سیریز ابتدائی دو میچوں میں مسلسل کامیابی کے بعد اپنے نام کر لی ہے۔ بڑے سکور کے ثابت ہونے والے دونوں میچوں میں انڈین ٹیم خاطرخواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکی۔
محدود تماشائیوں کی موجودگی میں ہونے والے دوسرے میچ میں آسٹریلیا نے پہلے کھیلتے ہوئے محض چار وکٹوں کے نقصان پر 389 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، جواب میں انڈین ٹیم مقررہ پچاس اوورز میں نو وکٹیں کھو کر 338 رنز تک محدود رہی۔
میچ کے دوران کرکٹ شائقین خصوصا سوشل میڈیا پر فعال صارفین نے یوں تو انڈین ٹیم کی مسلسل ناکامیوں سمیت خاصے پہلوؤں پر تبصرے کیے لیکن بظاہر یوں لگتا ہے کہ تین کام سب سے زیادہ کیے گئے۔

صارفین کی خاصی بڑی تعداد انڈین پریمیئر لیگ کھیلنے والے آسٹریلین کرکٹرز کے نام اور تصویریں شیئر کرکے سوال کرتی رہی کہ جو کارکردگی ان پلیئرز نے اپنی ٹیم کے لیے دکھائی ہے ویسی آئی پی ایل میں کیوں نہیں ہوتی۔ دوسرے نمبر پر سابق انڈین کپتان دھونی کی تصاویر اور ان کا انداز کپتانی ٹائم لائنز پر خاصا نمایاں رہا۔

سوشل میڈیا صارفین انڈین ٹیم کے موجودہ کپتان وراٹ کوہلی اور روہت شرما کی کپتانی کا تقابل کرنے سے بھی رک نہ سکے۔ اس دوران ہر دو جانب سے اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کے حق میں اعدادوشمار سمیت جذباتی دلائل کے ڈھیر لگائے جاتے رہے۔
اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرنے پر اپنے کھلاڑیوں کو سراہنے سے متعلق روہت شرما کی عادت کی خاصی تعریف کی گئی جب کہ ایسے مواقع پر کوہلی کا مایوسی پھیلاتا انداز بھی زیربحث رہا۔

آسٹریلیا، انڈیا میچ کے دوران اس وقت دلچسپ صورتحال پیش آئی جب انڈین اننگز کے 20 ویں اور 21 ویں اوورز کے دوران کیمرے نے ایک تماشائی جوڑے کو فوکس کیا۔ اس سے متعلق تصاویر اور ویڈیوز میں نمایاں ہے کہ میچ کے دوران ایک فرد قریب موجود خاتون کو شادی کے لیے پروپوز کرتا ہے، جواب میں خاتون ہاں کہہ کر اس موقع کو دونوں کے لیے یادگار بنا دیتی ہیں۔ کیمرے نے رخ بدلا تو یہ منظر بھی دکھایا گیا کہ فیلڈ میں موجود آسٹریلوی کھلاڑی مسکراتے ہوئے تالیاں بجا رہے تھے۔
زندگی کا ساتھی پانے والے جوڑے سے متعلق خوشی کا اظہار کرنے والوں نے ایک قدم آگے بڑھ کر فیصلہ سنا ڈالا کہ ’یہ ہے مین آف دی میچ‘۔

آسٹریلیا اور انڈیا کے درمیان تیسرا ایک روزہ میچ بدھ دو دسمبر کو کھیلا جانا ہے۔ اس سے قبل پہلے میچ میں ابتدائی بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلین سائیڈ نے 374 رنز سکور کیے تھے، جواب میں انڈین ٹیم پچاس اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 308 رنز ہی بنا پائی تھی۔
آسٹریلیا کے خلاف مسلسل دوسرے میچ میں ناکامی پر جہاں کرکٹ مبصرین نے خراب انڈین بولنگ اور فیلڈنگ کو اس کا ذمہ دار ٹھہرایا وہیں سٹیو سمتھ سمیت دیگر آسٹریلین کھلاڑیوں کی عمدہ بلے بازی کو کامیابی کی وجہ تسلیم کیا۔ سمتھ نے دونوں میچوں میں سنچری اننگز کھیلیں اور مین آف دی میچ کا اعزاز اپنے نام کیا ہے۔

سمتھ نے دونوں میچوں میں سنچری اننگز کھیل کر بڑا مجموعہ ترتیب دینے میں اہم کردار ادا کیا (فوٹو: ٹوئٹر)

میکسویل بھی انڈین بولرز کو خاصے مہنگے پڑے جنہوں نے دو میچوں میں محض 48 گیندیں کھیل کر سات چھکوں اور نو چوکوں کی مدد سے 108 رنز بنائے۔ آسٹریلین کپتان فنچ نے پہلے میچ میں سنچری جب کہ دوسرے میں نصف سنچری اننگز کھیلی۔

شیئر: