Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عراق، شام سرحد پر فضائی حملے میں پاسداران کا کمانڈر ہلاک

یہ واقعہ تہران میں ایرانی جوہری سائنسدان محسن فخری زادہ کے قتل کے چند ہی دن بعد ہوا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
عراقی سکیورٹی اور مقامی ملیشیا کے حکام کے مطابق سنیچر اور اتوار کی درمیانی شب ایک فضائی حملے میں عراق اور شام کی سرحد پر ایرانی سپاہ پاسداران انقلاب کا ایک کمانڈر ہلاک ہوگیا ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ کمانڈر اور ان کے ساتھ سفر کرنے والے تین افراد حملے میں ہلاک ہوگئے۔ تاہم کمانڈر کی شناخت  نہیں ہو سکی۔
عراقی سکیورٹی فورسز کے دو عہدیداروں نے بتایا کہ جس گاڑی میں کمانڈر سوار تھا وہ گاڑی عراقی سرحد سے اسلحہ لے کر جارہی تھی اور شام کے علاقے میں داخل ہونے کے بعد اس کو نشانہ بنایا گیا۔
عہدیداروں نے بتایا کہ ایران کے حمایت یافتہ مسلح عراقی گروپوں نے لاشوں کی بازیافت میں مدد کی۔ تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ یہ واقعہ کس وقت ہوا۔
یہ واقعہ تہران میں ایرانی جوہری سائنسدان محسن فخری زادہ کے قتل کے چند ہی دن بعد ہوا ہے جس کا الزام ایران نے اسرائیل پر عائد کیا ہے۔
اسرائیل نے پچھلے ہفتے شام  میں ایران اہداف پر فضائی حملے بھی کیے جو اس بات کا عندیہ ہے کہ وہ خطے میں ایرانی اہداف کو نشانہ بنانے کی اپنی پالیسی پر گامزن رہے گا۔
 عراقی عہدیداروں کو جو بائیڈن کے عہدہ سنبھالنے سے پہلے صورتحال خراب ہونے کا خدشہ ہے۔ کیونکہ انہیں ٹرمپ انتظامیہ کے مقابلے میں ایران کے ساتھ کم محاذ آرائی کرنے والا گردانا جاتا ہے۔

شیئر: