Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا کی وجہ سے جنوبی افریقہ اور انگلینڈ کا میچ ملتوی

کرکٹ جنوبی افریقہ نے بھی میچ ملتوی ہونے کی تصدیق کر دی ہے (فوٹو ٹوئٹر)
کورونا وائرس کی وجہ سے جنوبی افریقہ اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والا ایک روزہ میچ کھیل شروع ہونے سے کچھ دیر قبل ملتوی کر دیا گیا ہے۔ 
جنوبی افریقہ کے شہر کیپ ٹاؤن میں دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز مکمل ہونے کے بعد آج پہلا ایک روزہ میچ کھیلا جانا تھا۔
ٹوئٹر پر جاری کردہ پیغام میں جنوبی افریقہ کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ تین میچوں کی سیریز کا پہلا میچ ملتوی کر دیا گیا ہے، میچ اب چھ دسمبر کو کھیلا جائے گا

اس سے قبل کرکٹ بورڈ کی جانب سے کہا گیا تھا کہ میچ ملتوی کرنے کا فیصلہ میزبان ٹیم کے ایک کھلاڑی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد کیا گیا ہے۔
ایک الگ پیغام میں کرکٹ جنوبی افریقہ کا کہنا ہے کہ دونوں ٹیموں کی حفاظت کو مدنظر رکھ کر میچ آفیشلز، انگلینڈ کرکٹ بورڈ اور کرکٹ جنوبی افریقہ کے سی ای اوز نے میچ کو اتوار تک کے لیے ملتوی کر دیا۔

انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین روزہ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ ملتوی ہونے کے بعد اب تینوں میچز چھ، سات اور نو دسمبر کو کھیلے جائیں گے۔
انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے مطابق تبدیل شدہ شیڈول کے تحت ہونے والا پہلا میچ بولینڈ پارک، پارل، دوسرا مقابلہ کیپ ٹاؤن اور تیسرا بھی اسی مقام پر منعقد ہو گا۔ پہلا میچ دن میں جب کہ دوسرا اور تیسرا ڈے نائٹ میچز ہوں گے۔

شیئر: