Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

روس کی پاکستان کو کورونا ویکسین ’اسپتنک فائیو‘ فراہم کرنے کی پیشکش

زاہد حفیظ نے بتایا کہ روس کی پیشکش کو وزارت صحت کو بھیجوا دیا گیا ہے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
روس نے اپنی کورونا ویکسین’ اسپتنک فائیو‘پاکستان کو فراہم کرنے کی پیشکش کردی ہے۔
پاکستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان زاہد خفیظ نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے ویکسین فراہمی سے متعلق روس کی پیشکش کی تصدیق کی ہے۔
دفترخارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ پاکستان اس وقت کورونا کی ویکسین کے حصول کے لیے مختلف ذرائع سے  رابطے میں ہے۔ ان کے مطابق حکومت پاکستان کی کوشش ہے کہ کورونا کی سب سے موثر ویکیسن کم قیمت پر جلد از جلد حاصل کی جائے۔
 
ترجمان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں چند دن قبل روس کی طرف سے کورونا ویکسین فراہم کرنے کی پیشکش پاکستان کو موصول ہوئی تھی۔
زاہد حفیظ نے بتایا کہ روس کی پیشکش کو وزارت صحت کو بھیجوا دیا گیا ہے۔ وزارت صحت ہی اس پیشکش کا جائزہ لے کر ویکسین حاصل کرنے کے حوالے سے فیصلہ کرے گی۔
 خیال رہے روس نے گزشتہ روز دارالحکومت ماسکو میں لوگوں کو بڑے پیمانے پراسپتنک فائیو ویکسین لگانے کا عمل شروع کر دیا تھا۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ماسکو میں کورونا وائرس ٹاسک فورس کا کہنا تھا کہ ویکسین شہر میں موجود 70 کلینکس میں لگائی جا رہی ہے۔
ٹاسک فورس کا کہنا تھا کہ یہ ویکسین سب سے پہلے ڈاکٹرز اور طبی عملے کے اراکین، اساتذہ اور سماجی کارکنوں کو لگائی جائے گی۔
خیال رہے کہ روس میں تیار کی گئی کورونا ویکسین اسپتنک فائیو  کی اگست میں منظوری دی گئی تھی اور حکام نے گذشتہ دنوں دعویٰ کیا تھا کہ ان کی ویکسین کے نتائج 95 فیصد تک مثبت ہیں۔

شیئر: