Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گیس سیلنڈر سے اے ٹی ایم توڑنے کی کوشش کرنے والا گرفتار

سعودی شہر حائل کی پولیس نے  بینک اے ٹی ایم میں منفرد انداز میں ڈکیتی کی کوشش کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔
ملزم نے گیس سیلنڈر کے ذریعے اے ٹی ایم کو توڑنے کی کوشش کی جس میں کامیاب نہ ہونے پر سیلنڈر چھوڑ کر فرار ہوگیا۔
’اخبار 24 ‘ کے مطابق حائل میں پولیس کو اطلاع ملی کہ ایک نامعلوم شخص نجی بینک کی اے ٹی ایم کے پاس گیس سلینڈر چھوڑ کر فرار ہوگیا ہے۔
اطلاع دینے والے نے یہ بھی کہا تھا کہ سیلنڈر کا ’والو‘ کھلا ہوا ہے جس سے گیس لیک ہو رہی ہے۔

 کنٹرول روم نے اطلاع ملتےہی قریبی پارٹی کو جائے وقوعہ پر بھیجا(فوٹو، ایس پی اے)

پولیس کنٹرول روم سے گشت پر موجود جائے وقوعہ سے قریب ترین پارٹی کو موقعہ پر پہنچنے کی ہدایت کی گئی تاکہ گیس سیلنڈر سے کوئی حادثہ رونما نہ ہو۔
اطلاع ملتے ہی پیٹرولنگ پارٹی وہاں پہنچ گئی جس نے سب سے پہلے گیس سیلنڈر کو بند کیا اور نامعلوم ملزم کے بارے میں رپورٹ درج کرکے اس کی تلاش شروع کردی۔
اخبار کا کہنا ہے کہ پولیس نے بینک کے سی سی ٹی وی کیمرے کی فوٹیج سے ملزم کو شناخت کرکے اسے گرفتار کرلیا۔
پولیس نے ناکام واردات کے بارے میں مزید بتایا کہ ملزم سعودی ہے جس کی عمر20 برس کے درمیان ہے اس نے سیلنڈر سے اے ٹی ایم توڑنے کی کوشش کی ناکام ہونے پروہاں سے فرار ہوگیا۔
ملزم نے اپنی شناخت چھپانے کےلیے چہرے پر ’ماسک‘ بھی پہنا ہوا تھا تاکہ اس کا چہرہ کیمرے میں نہ آسکے۔
ملزم سے مزید تحقیقات جاری ہیں جس کے بعد اس کاکیس پراسیکیوشن کے ادارے کو ارسال کیاجائے گا۔

شیئر: