Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دہلی میں رشتے سے انکار پر لڑکے نے گرل فرینڈ کے والد کو مار ڈالا

(تصویر : ان سپلش)
دہلی کے علاقے سونیا وہار میں ایک 25 سالہ شخص کو گرل فرینڈ کے والد کو قتل کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق  ملزم سورج کمار، سونیا وہار کا رہائشی ہے اور پالم میٹرو سٹیشن میں ہاوس کیپر کے طور پر کام کرتا تھا۔
پولیس نے بتایا کہ سورج کمار کو شمال دہلی کے شاہ آڈیٹوریم کے قریب سے اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ فرار ہونے والا تھا۔

 

ایک سینیئر پولیس افسر نے بتایا کہ ہفتے کے روز شمال مشرقی دہلی کے علاقے سونیا وہار میں واقع اس گھر میں 50 سالہ بجیندر سنگھ کی زخموں سے بھری لاش ملی تھی۔
ڈپٹی کمشنر آف پولیس وید پرکاش سوریہ نے کہا ہے کہ تفتیش کے دوران یہ معلوم ہوا ہے کہ متاثرہ شخص اور ان کی اہلیہ نے لڑکی کو گود لیا تھا جو ایک مقامی لڑکے کے ساتھ دوستی کے رشتے میں تھی۔ جبکہ لڑکی کے والدین اس رشتے کے سخت خلاف تھے۔
لڑکی جس کی عمر 24 سال ہے، سورج کے ساتھ تعلقات جاری رکھنے پر قائم رہی تو اس جوڑے نے لڑکی کو اترپردیش کے ضلع مراد آباد میں اپنے اصل والدین کے پاس چھوڑ دیا۔
پولیس کو یہ پتہ چل گیا تھا کہ سورج کے والدین نے شادی کی تجویز کے ساتھ مراد آباد میں لڑکی کے گھر والوں سے رابطہ کیا تھا لیکن مسٹر سنگھ نے ان کی تجویز کی سختی سے مخالفت کی تھی۔
تفتیش کے دوران سورج نے انکشاف کیا کہ جب سنگھ نے اپنی بیٹی سے شادی کی تجویز سے انکار کیا تو وہ ناراض ہوا اور اسے جان سے مارنے کا منصوبہ بنایا، جس کے لیے 28 نومبر سے سنگھ اور ان کی اہلیہ کا تعاقب کرنا شروع کردیا تھا۔
سینیئر پولیس افسر نے بتایا کہ واقعے کے دن ملزم نے جوڑے کے باورچی خانے سے چاقولیا اور مبینہ طور پر اس کے سرپر وار کیا اور بعد میں کچن سے پریشر ککر لیا اور بے پوش ہونے تک کئی  بار ان کے سر پر بھی مارا۔

شیئر: