Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

طلبا کی حفاظت کے لیے 10سالہ رضاکارانہ خدمت پر اعزاز

معمر رضاکارکی شہرت مختلف شہروں تک پہنچ گئی(فوٹو، ٹوئٹر)
 مشرقی ریجن میں ادارہ تعلیم نے معمر رضاکارکی دس سالہ خدمات کے صلے میں انہیں اعزاز سے نوازا۔
مشرقی ریجن کی قطیف کمشنری میں مقیم معمر شہری ’منصورالکبیش‘ گزشتہ 10 برسوں سے روزانہ اسکول کے باہر رضاکارانہ طورپر ڈیوٹی دیتے رہے تھے۔
 اس رضاکارانہ خدمت کی بدولت وہ نہ صرف علاقے بلکہ دیگر شہروں میں بھی غیر معمولی شہرت حاصل کرچکے ہیں۔
قطیف ریجن کے ڈائریکٹرایجوکیشن ’عبداللہ القرنی‘ نے ویب نیوز’اخبار24 ‘ کوبتایا کہ معمرشہری ’الکبیش‘ روزانہ صبح اور دوپہر کو اسکول کے باہر ڈیوٹی دیتے تھے تاکہ اسکول آنے والی گاڑیوں کو منظم کیا جاسکے۔

معمرشہری 10 برس تک روزانہ رضاکارانہ خدمت انجام دیتے رہے(فوٹو، ٹوئٹر)

ڈائریکٹر نے مزید بتایا کہ ’ گزشتہ 10 برسوں میں انہوں نے ایک دن بھی ناغہ نہیں کیا وقت مقررہ پراسکول کے صدر دروازے پر پہنچ جاتے اور طلبا کو اسکول لانے والی گاڑیوں کومنظم کرانے کا رضاکارانہ کام کرتے تھے۔
اسی طرح وہ دوپہر کو اسکول کی چھٹی ہونے سے قبل صدر دروازے کے باہر پہنچ کردھوپ کی پروا کیے بغیررضاکارانہ کام انجام دینا شروع کردیتے۔
ریجنل محکمہ تعلیم کی جانب سے ایوارڈ تقریب کے بعد شہری نے بتایا کہ وہ یہ کام کسی لالچ کے بغیر کرتے تھے۔ انکا کہنا تھا کہ میری کوشش ہوتی تھی کہ بچوں کو بحفاظت اسکول تک پہنچادوں کیونکہ بعض والدین اتنے لاپرواہ ہوتے تھے کہ وہ دور سے ہی بچوں کو سڑک پرچھوڑکر چکے جاتے تھے۔
معمر شہری ’الکبیش ‘ نے مزید بتایا کہ ایسے بچوں کو جن کے والدین دور سے ہی چھوڑ کرچلے جاتے تھے میں انہیں بحفاظت اسکول کے دروازے تک لاتا اس کےعلاوہ وہاں آنے والی گاڑیوں کو منظم کرنے کا کام کرتا تھا تاکہ لوگوں کو ٹریفک جام کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

شیئر: