Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ابوظبی میں خاتون کو ساتھی سے ’بدزبانی‘ مہنگی پڑگئی

دعوی میں 50 لاکھ درھم ہرجانے کا مطالبہ کیا گیا تھا(فوٹو، امارات الیوم)
ابوظبی کی ابتدائی عدالت نے سہیلی اور رفیقہ کارسے بدزبانی اوردفتر میں سب کے سامنے توھین کرنے پرایک لاکھ درھم ہرجانہ ادا کرنے کا حکم صادر کردیا۔
عدالتی حکم میں مزید کہا گیا ہے کہ قانون کے مطابق فیصلہ حتمی ہوگا اس پر کسی قسم کی اپیل دائرنہیں کی جاسکے گی۔
امارات الیوم کے مطابق ابوظبی کی فوجداری عدالت میں ایک خاتون نے اپنی رفیقہ کار کے خلاف مقدمہ دائر کیاجس میں کہا گیا تھا کہ بلا کسی وجہ اور سبب کے دفترکی ساتھی خاتون نے سب سے سامنے اسکی توھین کی اور اسے سخت و نازیبا الفاظ کہے۔

خاتون کا کہنا تھا کہ ساتھی کی بدزبانی سے اس کی شہرت کو نقصان پہنچا (فوٹو، ٹوئٹر)

عدالت نے مدعیہ کے بیان کے مطابق کیس کی سماعت کی اس دوران تمام شواہد اور گواہیاں بھی سنی گئیں۔
مدعیہ نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ اسے اپنی ساتھی کی بدزبانی سے نہ صرف ذہنی اذیت پہنچی بلکہ اس کی اور اسکے خاندان کی شہرت کو بھی نقصان پہنچاہے۔
درخواست گزار نے عدالت سے مطالبہ کیا کہ اسے ہرجانے کے طورپر 50 لاکھ درھم ادا کرائے جائیں۔
عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے مدعیہ کی جانب سے 50 لاکھ درھم ہرجانے کے مطالبے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کیونکہ بدزبانی سے مالی نقصان نہیں ہوا اس لیے خاتون کو ایک لاکھ درھم ہرجانے کے طورپر ادا کیے جائیں علاوہ ازیں مقدمےکے دوران ہونے والے تمام اخراجات بھی ادا کرنے کا حکم دیا گیا۔

شیئر: