Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مریم نواز، بٹ کڑاہی کے مالک اور دیگر کے خلاف مقدمہ درج

مریم نواز نے شام کے وقت لاہور کے کھانوں کے لیے مشہور لکشمی چوک میں بٹ کڑاہی پر جا کر کھانا کھایا (فوٹو:ٹوئٹر)
لاہوری کھانوں کے لیے مشہور لاہور کے علاقے لکشمی چوک میں واقع ’بٹ کڑاہی‘ ریستوران کے مالک کے خلاف کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
خیال رہے جمعرات کو مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز، پرویز رشید، مریم اورنگزیب اور دیگر نے 13 دسمبر کو لاہور کے مینار پاکستان میں ہونے والے پی ڈی ایم کے جلسے کے حوالے سے تیاریوں کے سلسلے میں ریلی کی قیادت کی تھی جس کے دوران انہوں نے بٹ کڑاہی پر رات کو کھانا کھایا تھا۔
بٹ کڑاہی پر مسلم لیگی رہنماؤں کے کھانا کھانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی جس کے بعد مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز  اور دیگر کے خلاف دو مقدمات درج کیے گئے۔
مقدمات علاقہ پٹواریوں کی مدعیت میں درج کیے گئے ہیں ۔مقدمات میں ایس او پیز کی خلاف ورزی کا الزام لگایا گیا ہے۔
تھانہ گوالمنڈی ضلع لاہور میں درج ایف آئی آڑ کے مطابق ظفر عباس بسلسلہ کورونا ایس او پیز چیکنگ بوقت رات 7:30 بجے لکشمی چوک موجود تھے، جہاں مسمیان فیصل کالا حاجی لالہ اور راشد رانا  سمیت 100/110 نامعلوم مسلم لیگ ن کے کارکن  ریلی کی شکل میں موجود تھے۔
ان کو بارہا تھرٹ الرٹ سے آگاہ کیا گیا متعدد تھرٹ الرٹ موصول ہونے کے باوجود انہوں نے اپنی جان کو خطرے میں ڈال کر ٹریلر سے روڈ بلاک کرنے کے بعد حکومت کے خلاف اشتعال انگیز تقاریر و نعرے بازی کرکے ساؤنڈ سسٹم کا بے جا استعمال  کرتے رہے اور کورونا ایس او پیز کی کھلم کھلا خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے۔
مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز اور دیگر پارٹی کارکنان کی سوشل میڈیا پر بٹ کڑاہی میں کھانا کھانے کی ویڈیوز اور تصاویر پر وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بٹ کڑاہی پر اگلا مقدمہ ہونے کی پیش گوئی بھی کی گئی تھی۔
مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز کے خلاف درج دوسرے مقدمے کی تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر بٹ کڑاہی لکشمی چوک لاہور میں کورونا ایس او پیز کی چیکنگ کی گئی۔
چیکنگ میں یہ بات سامنے آئی کہ ریستوران یں احتیاطی تدابیر نہیں اپنائی گئی اور نہ ہی سماجی فاصلے کو ملحوظ رکھا گیا۔ لہذٰا کورونا آرڈیننس  کی دفعات کے تحت بٹ کڑاہی کے مالک ندیم بٹ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ 13 نومبر کو ہونے والے پی ڈی ایم کے جلسے کے سلسلے میں عوامی رابطہ مہم کے لیے نکلنے والی مریم نواز مختلف علاقوں سے ہوتی ہوئی یہاں پہنچی تھیں۔

شیئر: