Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مصر میں کورونا ویکسین مفت فراہم ہوگی

مصرمیں کورونا مریضوں کی تعداد بڑھ کر ایک لاکھ 20 ہزار سے زائد ہے۔(فوٹو نیوزڈاٹ کام)
مصر کی وزیر صحت ہالہ زید کے حوالے سے مقامی روزنامہ مصر ٹوڈے نے جمعہ کے روز رپورٹ جاری کی ہے کہ حکومت کی جانب سے مصری شہریوں کو  کورونا وائرس کے لیے چین کی بنی ہوئی  سینوفارم تیار کردہ  ویکسین مفت فراہم کی جائے گی۔
عرب نیوز کے مطابق مصری اور متحدہ عرب امارات کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ قاہرہ میں کلینیکل ٹرائلز مکمل کرنے کے بعد  کورونا وائرس کے خلاف سائنوفرم ویکسین کا افادیت کا تناسب 86 فیصد تک ظاہر کیا گیا ہے۔
مصر میں چین کے سفیر لیاؤ لی کیانگ اور مصر میں امارات کی قائم مقام سفیر مریم الکعبی متحدہ عرب امارات سے قاہرہ  کے انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر کورونا ویکسین کی پہلی  کھیپ پہنچنے پر وزیر صحت کے ہمراہ موجود تھیں۔

امارات کی قائم مقام سفیر مریم الکعبی  وزیر صحت کے ہمراہ موجود تھیں۔(فوٹو نیوز ڈاٹ کام)

اس موقع پر مصر کی وزیر صحت ہالہ زید نے  بتایا ہے  کہ مصر  کی حکومت  نے مزید  کورونا   ویکسین  کی فراہمی کو محفوظ بنانے کے لئے ویکسین  وحفاظتی ٹیکہ جات کے عالمی اتحاد کے ساتھ ایک معاہدہ کیا ہے۔
وزیر صحت نے کہا کہ  کورونا کے مریضوں  اور دیگر مخصوص ہسپتالوں میں طبی عملے کو ترجیحی بنیادوں پر چینی ویکسین  دی جائے گی۔
اس کے ساتھ ساتھ کینسر یا گردے فیل ہونے والے مریضوں ، عمر رسیدہ افراد اور  دائمی بیماریوں میں مبتلا  مریضوں کو بھی ویکسین دینے میں ترجیح دی جائے گی۔

خاص ہسپتالوں میں طبی عملے کو ترجیحی بنیادوں پر ویکسین دی جائے گی۔(فوٹو عرب نیوز)

واضح رہے کہ مصر میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران  کورونا وائرس کے 445 کیسز سامنے آئے ہیں جب کہ مزید 22 اموات  بھی ریکارڈ کی گئی ہیں۔ اب تک مصر میں مریضوں کی کل تعداد بڑھ کر ایک لاکھ 20 ہزار 147 ہو گئی ہے۔
 

شیئر: