Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گوگل دو برس سے غیر فعال اکاؤنٹس کا ڈیٹا ڈیلیٹ کر دے گا

گوگل کے مطابق نئی پالیسی کا اطلاق یکم جون 2021 سے ہو گا (فوٹو: اے ایف پی)
گوگل کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ جن صارفین نے دو برس سے اپنے جی میل یا گوگل اکاؤنٹ کو استعمال نہیں کیا ان کا ڈیٹا ڈیلیٹ کر دیا جائے گا۔
گوگل کے مطابق اس پالیسی کے تحت یکم جون 2021 تک گوگل ڈرائیو، ڈاکس، شیٹس، سلائیڈز، جام بورڈ، جی میل، فوٹوز، ڈرائنگز، فورمز اور سائٹس پر اکاؤنٹس غیر فعال رہنے پر ان کا ڈیٹا ڈیلیٹ کردیا جائے گا۔
گوگل کا کہنا ہے کہ جو صارفین اپنے ڈیٹا کو بچانا چاہتے ہیں، انہیں ان سروسز سے منسلک اکاؤنٹس کو گوگل ایپ یا براؤزر کے ذریعے استعمال کرنا ہوگا۔

 

کمپنی نے بتایا کہ اس تبدیلی کا اطلاق گوگل ون صارفین پر نہیں ہوگا جو ماہانہ فیس ادا کرتے ہیں۔
اسی طرح اس پالیسی کا اطلاق گوگل ورک سپیس، جی سیوٹ فار ایجوکیشن کے لیے بھی نہیں ہوگا۔
گوگل نے گذشتہ ماہ یہ اعلان بھی کیا تھا کہ اس پالیسی کے اطلاق کے ساتھ گوگل کی جانب سے گوگل فوٹوز کی مفت سٹوریج بھی یکم جون سے ختم کی جائے گی۔
اب تک گوگل فوٹوز پر اپ لوڈ ہونے والا ڈیٹا کا سٹوریج مفت ہے مگر اگلے سال سے صارفین کو زیادہ ڈیٹا کے لیے گوگل ون کو سبسکرائب کرنا پڑے گا۔

گوگل اکاؤنٹ کے ساتھ 15 جی بی آن لائن سٹوریج جی میل، ڈرائیو وغیرہ کے لیے فراہم کی جاتی ہے (فوٹو: اے ایف پی)

ابھی گوگل اکاؤنٹ کے ساتھ 15 جی بی آن لائن سٹوریج جی میل، ڈرائیو وغیرہ کے لیے فراہم کی جاتی ہے، جس میں ای میلز اور فائلز سٹور ہوتی ہیں۔
مگر یکم جون 2021 سے ڈاکس، شیٹس، سلائیڈز کے ساتھ ساتھ گوگل فوٹوز پر اپ لوڈ ہونے والی تصاویر اور ویڈیوز بھی اسی سٹوریج کا حصہ بن جائیں گی۔

شیئر: