Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’یو اے ای نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا‘

شاہ محمود قریشی نے اماراتی ہم منصب کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔ (فوٹو: وزارت خارجہ)
پاکستان کے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے دبئی میں متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان سے ملاقات  کی ہے۔ جس میں دو طرفہ تعلقات اور تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ 
دفتر خارجہ سے جاری اعلامیے کے مطابق اس ملاقات کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اماراتی ہم منصب سے کہا کہ ’پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین، گہرے ،تاریخی، برادرانہ تعلقات ہیں۔ یو اے ای نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ امارات میں مقیم 16 لاکھ کے قریب پاکستانی کئی دہائیوں سے متحدہ عرب امارات کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین عوامی سطح پر روابط کے فروغ میں یو اے ای میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کا کردار اہمیت کا حامل ہے۔ 
وزیر خارجہ نے اپنے ہم منصب کو یو اے ای میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو درپیش مشکلات سے آگاہ کرتے ہوئے ان کے جلد از جلد ازالے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ ’کورونا وبا کے دوران پاکستان سمیت دنیا بھر میں متحدہ عرب امارات کی طرف سے فراہم کردہ معاونت قابلِ تحسین ہے۔‘
 دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین تعلقات کے فروغ کے لیے ادارہ جاتی میکنزم بنانے پر اتفاق بھی کیا گیا۔ وزیر خارجہ نے اماراتی ہم منصب کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جو انہوں نے خوش دلی سے قبول کرلی۔ 
 انھوں نے اماراتی ہم منصب کو کشمیر میں امن وامان کی مخدوش صورت حال سے بھی آگاہ کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ کے مابین افغانستان میں قیام امن کے حوالے سے اب تک سامنے آنے والی مثبت پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ 
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان افغانستان سمیت خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنی مخلصانہ کاوشیں جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔ 
دورے کے آخری مرحلے میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے دبئی میں پاکستانی قونصل خانے کا بھی دورہ کیا۔ 
اس موقع پر قونصل جنرل دبئی احمد امجد علی نے قونصل خانے کی کارکردگی کے حوالے سے وزیر خارجہ کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ قونصل خانے نے کورونا وبا کے دوران وطن واپسی کے منتظر 58,500 پاکستانیوں کو واپس بھجوایا - 4600 ایسے پاکستانی جن کے پاس ملازمت ختم ہونے کے باعث وسائل نہیں تھے ان کے لیے ٹکٹس اور سفری اخراجات کا انتظام کیا - کورونا وبا کے دوران دبئی قونصل خانے نے 17,500 راشن بیگز تقسیم کیے اور 359 میتوں کو پاکستان بھجوانے کا بندوبست کیا۔ 
وزیر خارجہ نے کورونا کی وبائی صورتحال میں محدود وسائل کے باوجود دبئی میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کا خصوصی خیال رکھنے پر قونصل جنرل اور ان کے عملے کو سراہا۔ 
وزیر خارجہ نے کہا کہ دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود اور درپیش مسائل کا ترجیحی بنیادوں پر حل حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ 
اس سے قبل گذشتہ روز متحدہ عرب امارات کے وزیراعظم اور دبئی کے فرمانروا شیخ محمد بن راشد آل مکتوم سے بھی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے دبئی میں ملاقات کی تھی جس میں زراعت کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا۔ 
یاد رہے کہ وزیر خارجہ نے متحدہ عرب امارات کے دورہ پر جانے سے ایک روز قبل پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ تھا کہ وہ پاکستانی ورکرز کو مشکلات اور ورک ویزہ مسائل سمیت اہم امور پر بات چیت کریں گے۔

شیئر: