Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بنی گالہ میں پنجاب کے کنٹریکٹ اساتذہ کا دھرنا ختم

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کی رہائش گاہ بنی گالہ کے باہر دھرنا دینے والے پنجاب کے کنٹریکٹ اساتذہ نے ڈپٹی کمشنر کی یقینی دہانی پر احتجاج ختم کر دیا ہے۔
 حکام کے مطابق احتجاج کرنے والے اساتذہ سے پیر کو پنجاب کے وزیر قانون راجہ بشارت مذاکرات کریں گے۔
سنیچر کو اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر احتجاج کرنے والے اساتذہ کو پولیس نے منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کی زبردست شیلنگ کی تھی۔
ملازمت پر مستقل نہ کیے جانے والے صوبہ پنجاب کے 36 اضلاع سے تعلق رکھنے والے کنٹریکٹ اساتذہ نے اپنے مطالبات کے حق میں سنیچر کو بنی گالہ میں احتجاجی مظاہرہ کیا اور دھرنا دیا۔

 

مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ حکومت پنجاب بھر میں کنٹریکٹ پر کام کرنے والے 14 ہزار اساتذہ کو مستقل کرنے کا اعلان کرے۔
مظاہرہن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کا احتجاج بنیادی طور پر پنجاب حکومت کے خلاف ہے۔ وزیر قانون پنجاب راجا بشارت نے ان کے وفد سے ملاقات میں ان کے مطالبات تسلیم کرنے پر اتفاق کیا تھا تاہم ابھی تک اس پر عمل نہیں ہوا۔
’ہم وزیراعظم عمران خان کے علم میں یہ بات لانے کے لیے یہاں احتجاج کرنے آئے ہیں کہ حکومت ہزاروں اساتذہ کے جائز مطالبات کو تسلیم کرے۔‘
مظاہرین نے الزام لگایا کہ پولیس نے پُرامن مظاہرہ کرنے والے اساتذہ کو تشدد کا نشانہ بنایا اور ان کے درجنوں ساتھیوں کو گرفتار کرلیا۔
پولیس نے احتجاج کے لیے آنے والے 14 مظاہرین کو گرفتار کرکے شہزاد ٹاؤن، سیکرٹریٹ اور بھارہ کہو کے تھانوں میں بند کر دیا۔ خواتین مظاہرین کو تھانہ وومن منتقل کیا گیا۔

بنی گالہ جانے والے راستوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی (فوٹو: سوشل میڈیا)

بنی گالہ جانے والے راستوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی جبکہ مری روڈ اور شہزاد ٹاؤن روڈ پر پولیس کی ٹیمیں پہنچا دی گئیں۔ علاقے میں پولیس کی بکتربند گاڑیاں بھی موجود ہیں جبکہ خار دار تاریں بھی بچھا دی گئی ہیں۔
اساتذہ کے مظاہرے کی وجہ سے مری روڈ، کلب روڈ اور دیگر سڑکوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
بعد میں اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ڈپٹی کمشنر حمزہ شفقات نے احتجاج کرنے والے اساتذہ سے مذاکرات کیے۔
ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ مظاہرین سے کہا گیا ہے کہ ان کے مطالبات وفاق نہیں بلکہ پنجاب حکومت سے متعلق ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اساتذہ ہمارے لیے قابلِ احترام ہیں لیکن کسی بھی شہری کو امن و امان کی صورت حال خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
’احتجاج ہر شہری کا حق ہے لیکن سڑک بند کرکے شہریوں کو تنگ کرنا نامناسب ہے۔‘

شیئر:

متعلقہ خبریں