Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سی ڈی اے نے عمران خان کی بنی گالہ رہائش گاہ کو ریگولرائز کر دیا

سی ڈی اے کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے وزیراعظم کے گھر کو ریگولرائز کرنے کی تصدیق کی (فوٹو: ٹوئٹر)
وفاقی ترقیاتی ادارے (سی ڈی اے) نے کچھ ماہ قبل بنی گالہ میں عمران خان کر رہائش گاہ کی قانونی منظوری دی جس کے لیے بارہ لاکھ روپیہ جرمانہ ادا کیا گیا۔ 
اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے سی ڈی اے کے ایک اعلی عہدیدار نے عمران خان کے گھر کو سی ڈی اے کی جانب سے قانونی حییثیت دینے کی تصدیق کی ہے۔
اس حوالےسے سی ڈی اے کی جانب سے منظوری کا ایک لیٹر  پانچ  مارچ 2020 کو جاری کیا گیا تھا جو اب سامنے آیا ہے۔
عہدیدار نے بتایا کہ سی ڈی اے نے بنی گالہ میں چند دیگر گھروں کی بھی اسی طرح کی منظوری دی تھی اور ایسے تمام گھر جو سی ڈی اے کے ضوابط پورے کریں گے ان کی بھی منظوری دے دی جائے گی۔ 
عمران خان کے گھر کے گراونڈ فلور پر 11ہزار 371 فٹ تعمیرات کی گئیں جن کے لیے سی ڈی اے کی منظوری نہیں لی گئی تھی۔
خط کے مطابق ان پر 12 لاکھ  چھ ہزار جرمانہ عائد کیا گیا جسے عمران خان نے نیشنل بینک کے پےآرڈر کے ذریعے تین مارچ 2020 کو ادا کر دیا جس کے بعد ان کے گھر کی منظوری دے دی گئی تھی۔
سی ڈی اے کی دستاویز کے مطابق منظوری 106 روپے مربع فٹ کے حساب گیارہ ہزار تین سو مربع فیٹ ایریا پر تعمیر کی دی گئی۔

سی ڈی اے حکام کے مطابق عمران خان کے گھر کی منظوری نئے بلڈنگ قواعد ’اسلام آباد کیپیٹل ریزی ڈینشل سیکٹر زونگ لاز‘ کے تحت دی گئی جن کی منظوری وفاقی کابینہ نے گزشتہ سال دی تھی۔
عمران خان کا گھر زون چار کے سب زون بی میں واقع ہے اور اس کی کچھ حصوں کی تعمیر سی ڈی اے کی منظوری کے بغیر ہوئی تھی۔
یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان بنی کا گھر فارم ہاؤس سکیم کے مطابق ریگولرائز کیا گیا ہے جس کے تحت 20 فیصد حصے پر تعمیرات کی اجازت دی جاتی ہے۔ 
 

شیئر: