Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بنی گالہ تجاوزات کیس عمران خان کی آزمائش ہے‘ چیف جسٹس

اسلام آباد: چیف جسٹس پاکستان کا کہنا ہے کہ بنی گالہ میں تجاوزات کا معاملہ عمران خان کے لیے ٹیسٹ کیس ہوگا۔ آئندہ کے وزیر اعظم اور پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان اس معاملے کو خود دیکھیں، یہی ان کی آزمائش ہے۔ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ میں بنی گالہ تجاوزات کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیے کہ تجاوزات کی درخواست عمران خان ہی نے دی تھی، اب ان کی حکومت بننے والی ہے، لہٰذا وہ بنی گالہ میں تجاوزات کے معاملات کو خود دیکھیں۔ سماعت کے دوران عمران خان کے وکیل بابر اعوان، سروئیر جنرل آف پاکستان اور ایڈیشنل اٹارنی جنرل عدالت میں پیش ہوئے۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت عظمیٰ کو آگاہ کیا کہ بنی گالہ میں تجاوزات کے معاملے پر دفعہ 144 نافذ ہے ۔ ساتھ ہی انہوں نے تجویز پیش کی کہ نئی حکومت کو بنی گالہ تجاوزات سے متعلق فیصلہ کرنے دیا جائے ۔ جسٹس ثاقب نثار نے سماعت کے دوران مزید کہا کہ عمران خان بنی گالہ کے مسائل سے آگاہ ہیں۔ اگر وہ بنی گالہ کے مسائل حل کر لیتے ہیں تو ہمیں کوئی مسئلہ نہیں۔ ساتھ ہی جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیے کہ عمران خان لوگوں کے لیے مثال بنیں، بنی گالا کیس ان کے لیے ٹیسٹ کیس ہوگا۔
 

شیئر: