Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان نے برطانیہ سے آنے والی مسافر پروازوں پر پابندی عائد کر دی

پاکستان کے لیے برطانیہ کی دو ایئر لائنز ہفتے میں متعدد پروازیں چلاتی ہیں۔ فوٹو: روئٹرز
پاکستان نے برطانیہ سے آنے والی مسافر پروازوں پر پابندی عائد کر دی ہے۔ یہ فیصلہ برطانیہ میں کورونا وائرس کی نئی لہر اور زیادہ مہلک شکل میں پھیلنے کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
پاکستان سول ایوی ایشن حکام کے مطابق برطانیہ سے پاکستان آنے والی پروازوں پر عارضی پابندی کا اطلاق منگل 22 دسمبر کی رات بارہ بجے سے ہوگا اور یہ ایک ہفتے تک رہے گا۔ یہ فیصلہ این سی او سی کے پیر کو ہونے والے اجلاس میں کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق ملک میں برطانیہ سے آنے والی پروازوں پر 29 دسمبر رات بارہ بجے تک پابندی عائد رہے گی۔
حکام کے مطابق گزشتہ دس روز کے دوران برطانیہ میں قیام یا وہاں سے سفر کا آغاز کرنے والوں پر بھی پابندی کا اطلاق ہوگا۔ تاہم ایسے افراد کو پاکستان میں داخل ہونے کے لیے چند شرائط پورا کرنی ہوں گی۔
پہلے سے پاکستان کے لیے عازم سفر مسافروں کو پاکستان کے ایئرپورٹ پر سرکاری خرچ پر پی سی آر ٹیسٹ لازمی کروانا ہوگا جبکہ مسافروں کو گھر پر سات دن قرنطینہ میں رہنا ہوگا۔
22 دسمبر تک آنے والے تمام مسافروں کو پاک ٹریک ایپلی کیشن کا استعمال لازمی کرنا ہوگا۔
پابندی کے خاتمے سے متعلق این سی او سی اجلاس میں 28 دسمبر کو نظرثانی کی جائے گی۔ 

کس کو پاکستان آنے کی اجازت ہے اور کس کو نہیں؟

این سی او سی کے اعلامیے کے مطابق گزشتہ سات روز میں برطانیہ سے واپس آنے والے مسافروں کو ٹریس کیا جائے گا اور ان کو کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آنے تک گھروں میں قرنطینہ ہونے کی تلقین کی گئی ہے۔ 
سول ایوی ایشن ڈویژن کے مطابق ایسے مسافر جنہوں نے گزشتہ دس روز میں برطانیہ کا سفر کیا ہوگا ان کی بھی پاکستان میں داخلے پر پابندی عائد ہوگی۔ اسی طرح پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والے جو کہ وزٹ یا عارضی ویزے پر برطانیہ گئے ہوئے ہیں ان کو کورونا منفی رپورٹ کے ساتھ وطن واپسی کی مشروط اجازت دی گئی ہے۔ ایسے مسافروں کا پاکستان آمد پر کورونا ٹیسٹ لیا جائے گا اور ان کو سات روز تک گھر میں قرنطینہ کیا جائے گا۔ 
سول ایوی ایشن اتھارٹی کے اعلامیہ کے مطابق برطانیہ میں داخلے کے بغیر ٹرانزٹ مسافروں کو بھی پاکستان انٹری کی اجازت دی گئی ہے۔ 
وزٹ اور عارضی ویزہ کے حامل پاکستانیوں کو 72گھنٹے پرانی کورونا رپورٹ پر آنے کی اجازت ہوگی۔ 

برطانیہ کی مسافر پروازوں پر پابندی عائد کرنے والے ممالک

برطانیہ میں کورونا وائرس کی نئی شکل کے تیزی سے پھیلاؤ کے بعد کئی یورپی ممالک کے علاوہ کینیڈا اور انڈیا نے بھی برطانیہ کے ساتھ فضائی سروس معطل کر دی ہے۔
انڈیا اور کینیڈا نے پیر کو برطانیہ سے آنے والی تمام پروازوں پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
انڈیا کی وزارت ہوا بازی نے ٹویٹ کے ذریعے اعلان کیا تھا کہ برطانیہ سے آنے والی تمام پروازیں منسوخ کرنے کا فیصلہ منگل کی رات 11 بج کر 59 سے نافذالعمل ہوگا۔

انڈیا نے 31 دسمبر تک جبکہ کینیڈا نے اگلے 72 گھنٹوں کے لیے برطانیہ سے آنے والی پروازیں روک دینے کا اعلان کیا۔
جرمنی نے اتوار اور پیر کی درمیانی رات برطانیہ کے ساتھ فضائی رابطے معطل کر دیے تھے۔
اس سے قبل بیلجیئم، نیدرلینڈز، اٹلی اور آسٹریا نے بھی برطانیہ میں وبا کے پھیلاؤ میں اضافے کے بعد اس کے ساتھ فضائی سروس معطل کر دی تھی۔ 
روس اور سپین نے بھی برطانیہ سے آنے والے مسافروں پر پابندی عائد کی ہے جبکہ آسٹریلیا اور امریکہ نے فی الحال اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا۔

شیئر: