Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمان نے اپنی سرحدیں بند کر دیں، پاکستانی پروازیں بھی معطل

’متعدد ممالک میں کورونا وائرس کی نئی شکل پھیلنے کے بعد سرحدیں بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے‘ (فوٹو: الامارات الیوم)
سلطنت عمان نے اپنی فضائی، بری اور بحری سرحدیں بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
عمانی نیوز ایجنسی کے مطابق عالمی وبا کے انسداد کے لیے قائم کی جانے والی اعلی کمیٹی کی سفارش پر ملک کی تمام سرحدیں کل منگل دوپہر ایک بجے سے  ایک ہفتہ کے لیے بند کر دی جائیں گے۔
اس دوران عمان آنے اور جانے والی تمام فضائی پروازیں معطل رہیں گی، بری چوکیاں اور سمندری سرحدیں بند کردی جائیں گی۔
حکومتی اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ’متعدد ممالک میں کورونا وائرس کی نئی شکل پھیلنے کے بعد سرحدیں بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے‘۔ 
اومانی سول ایوی ایشن کی جانب سے کورونا کے پھیلاؤ کے سدباب کے لیے تمام بین القوامی پروازوں کی اجازت معطل کیے جانے کے بعد پی آئی اے نے پاکستان کے مختلف شہروں سے مسقط کی پروازیں  بھی منسوخ کر دی ہیں۔
پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق پابندی کے دوران پی آئی اے پروازیں آپریٹ نہیں کرے گی۔ تمام متاثرہ مسافروں کو پروازیں بحال ہوتے ہی ایڈجسٹ کیا جائے گا۔
عمان کی حکومت کے اعلامیے کے مطابق ’فیصلے سے کارگو کو استثنی ہوگا۔ مختلف قسم کا سامان لانے لے جانے کے لیے کارگو پروازوں کو اجازت ہوگی جبکہ تجارتی سامان کے لیے بحری اور بری راستے کھلے رہیں گے‘۔
حکومت نے کہا ہے کہ ’فیصلے پر نظر ثانی ہوتی رہے گی، متعلقہ کمیٹی وبا کی عالمی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے‘۔

شیئر: