Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سینیٹ الیکشنز میں اوپن بیلٹ یا شو آف ہینڈ، سپریم کورٹ سے رائے طلب

وفاقی کابینہ نے اس معاملے پر 15 دسمبر کو سپریم کورٹ سے رائے لینے کی منظوری دی تھی (فوٹو: اے ایف پی)
ایوان صدر کے اعلامیے کے مطابق صدر مملکت نے آئین کے آرٹیکل 186 کے تحت سپریم کورٹ میں ریفرنس بھجوانے کی وزیرِاعظم عمران خان کی تجویز کی منظوری دیتے ہوئے ریفرنس پر دستخط کر دیے۔
وزیرِاعظم کی تجویز پر سینیٹ کے الیکشنز اوپن بیلٹ یا شو آف ہینڈز کے ذریعے کرانے کے عوامی اہمیت کے معاملے پر صدر نے سپریم کورٹ کی رائے مانگی ہے۔

 

ریفرنس میں آئین میں ترمیم کیے بغیر الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن (6) 122 میں ترمیم کرنے پر سپریم کورٹ کی رائے مانگی گئی ہے۔ 
خیال رہے کہ وفاقی کابینہ اس معاملے پر 15 دسمبر کو سپریم کورٹ سے رائے لینے کی منظوری دی تھی جس کی توثیق صدر مملکت سے کروانا ضروری تھی۔ 
اٹارنی جنرل آف پاکستان خالد جاوید خان نے وفاقی کابینہ کو سینیٹ انتخابات اوپن بیلٹ کے ذریعے کروانے اور سپریم کورٹ سے رجوع کرنے سے متعلق بریفنگ دی تھی۔
اٹارنی جنرل نے مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا تھا کہ حکومت اوپن بیلٹ کے ذریعے سینیٹ انتخابات کروانے کا ارادہ رکھتی ہے اور اس ضمن میں سپریم کورٹ سے رجوع کیا جائے گا۔
انہوں نے وضاحت کی کہ شو آف ہینڈ کے ذریعے سینیٹ انتخابات ممکن نہیں کیونکہ سینیٹ الیکشنز میں ووٹر ایک سے زائد نشستوں کے لیے ووٹ استعمال کرتا ہے۔ 'ایک سے زائد نشست پر ووٹ ڈالنے کے لیے شو آف ہینڈ کا طریقہ ممکن نہیں، اوپن بیلٹ میں ووٹ کی پرچی پر ووٹر کا نام درج ہوگا'۔ 
خیال رہے کہ کابینہ کے گذشتہ اجلاس میں سینیٹ انتخابات کے طریقہ کار میں تبدیلی کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے اور الیکشنز مارچ کے بجائے فروری میں کروانے کے لیے الیکشن کمیشن سے رابطہ کرنے کی منظوری دی گئی تھی۔ 
وزیراعظم عمران خان نے بھی اس بات کا اعلان کیا ہے کہ سینیٹ انتخابات میں مبینہ ہارس ٹریڈنگ کو روکنے کے لیے شو آف ہینڈ کے زریعے انتخابات کرائیں جائیں گے اور اس سلسلے میں سپریم کورٹ سے رجوع کیا جائے گا. 
ادھر حزب اختلاف کی جماعت مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے چند روز قبل نیوز کانفرنس میں کہا تھا کہ وہ شو آف ہینڈ کی خلاف نہیں لیکن جب چیئرمین سینیٹ کے الیکشن کو ہم نے چیلنج کیا تھا اس وقت حکومت کو شو آف ہینڈ یاد نہیں آیا اور اب جب اپنی حکومت جاتی نظر آرہی یے تو شو اف ہینڈ یاد آگیا۔

شیئر: