اے ایف سی ایشیئن کپ سعودی عرب 2027 کا آغاز اگلے برس دسمبر میں ہوگا
سعودی عرب اے ایف سی ٹورنامنٹ کی میزبانی کرے گا (فوٹو: ایس پی اے)
ایشیئن فٹبال کنفیڈریشن (اے ایف سی) نے سعودی عریبیئن فٹبال فیڈریشن اور ٹورنامنٹ کی لوکل آرگنائزنگ کمیٹی سے مشاورت کے بعد اگلا ایشیئن کپ 23 دسمبر 2027 سے 21 جنوری 2028 کے درمیان منتقل کر دیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق سعودی عرب اس ٹورنامنٹ کی میزبانی کرے گا جسے پہلے سات جنوری سے پانچ فروری 2027 کے لیے شیڈول کیا گیا تھا۔
آج جاری ہونے والے ایک بیان میں ایشیئن فٹبال کنفیڈریشن نے کہا کہ اس نے یہ فیصلہ حالیہ پیشرفت اور لوجسٹکس پر ان کے اثرات کے بارے میں تفصیلی بات چیت کے بعد کیا ہے۔ تمام فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ نئی تاریخیں ٹورنامنٹ کے انعقاد اور ٹیموں، مداحوں اور تمام متعلقہ افراد کو ایک شاندار تجربہ فراہم کرنے کے لیے بہترین حالات فراہم کریں گی۔
ایشیئن فٹبال کنفیڈریشن نے عالمی سطح کا ٹورنامنٹ منعقد کرنے کے لیے سعودی عریبیئن فٹبال فیڈریشن اور لوکل آرگنائزنگ کمیٹی کے عزم اور تیاریوں کو سراہا۔ ایشیئن فٹبال کنفیڈریشن نے کہا کہ اسے پورا اعتماد ہے کہ یہ تیاریاں ایک ایسا ایونٹ فراہم کریں گی جو ایشیئن کپ کے مقام کی عکاسی کرے اور پورے براعظم کے مداحوں کی توقعات پر پورا اترے۔
ایشیئن فٹبال کنفیڈریشن نے کہا کہ وہ نئی تاریخوں پر ہموار منتقلی کو یقینی بنانے کے لیے سعودی عریبیئن فٹبال فیڈریشن، لوکل آرگنائزنگ کمیٹی، شریک ممبر ایسوسی ایشنز اور دیگر شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کرنا جاری رکھے گی۔

لوکل آرگنائزنگ کمیٹی کے چیئرمین یاسر المسحل نے سعودی پریس ایجنسی کو ایک خصوصی انٹرویو میں بتایا کہ ’سعودی عرب ایشیئن کپ کی میزبانی کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔‘ انہوں نے کہا کہ ’ہم نے منظور شدہ منصوبوں کے مطابق جنوری میں پورے ایشیا سے ٹیموں اور مداحوں کا استقبال کرنے کی تمام تیاریاں مکمل کر لی تھیں۔ ہم دسمبر 2027 کی نئی تاریخ کے لیے بھی اسی لگن سے کام جاری رکھیں گے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’ٹورنامنٹ اب نئی تاریخوں پر منتقل ہو جائے گا اور ہماری تیاریاں منصوبے کے مطابق جاری رہیں گی۔ ہم ایشیئن فٹبال کنفیڈریشن اور اپنے تمام شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں تاکہ ٹورنامنٹ کا انعقاد احسن طریقے سے ہو اور وہ ان اعلیٰ معیاروں پر پورا اترے جو سعودی عرب اور ایشیئن کپ سے متوقع ہیں۔‘
