جدہ ابحر سی فرنٹ: سمندری تفریح کے شوقین افراد کے لیے ایک پُرکشش مقام
جدہ میں ابحر سی فرنٹ اپنے منفرد محل وقوع اور سمندری ماحول کی وجہ سے تعطیلات اور ویک اینڈ پر سمندری تفریح کے دلدادہ افراد کے لیے مثالی مقام ہے۔
ایس پی اے کے مطابق سمندری تفریح کے شوقین افراد کے لیے ابحر سی فرنٹ پر ٹورسٹ بوٹس بحیرۂ احمر کے قدرتی حسن سے لطف اندوز ہونے اور علاقے میں سیاحت کے مواقع تلاش کرنے کے لیے آنے والوں کو اپنی جانب متوجہ کرتی ہیں۔
ابحر کا علاقہ یاٹ اور بوٹس کے ذریعے سمندری سفر کے شوقین افراد کے لیے ایک مثالی و منفرد مقام ہے جو اپنی مرضی کے مطابق سمندری سیاحت سے لطف اندوز ہونے کے مواقع فراہم کرتا ہے۔ یہاں افراد اور فیملیز کے لیے تفریحی سرگرمیوں اور کشتی کے سفر کے متعدد مواقع موجود ہیں۔
یاٹ کلب کی انتظامیہ کی جانب سے مختلف نوعیت کے پیکیجز کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے جس میں ہر ذوق کے حامل لوگوں کی ضرورت کا بھرپور خیال رکھا گیا ہے۔ سمندری تفریح کے ساتھ مچھلی کے شکار اور تیراکی کے ذریعے ساحلی پانیوں اور دلکش مناظر سے لطف اندوز ہونے کے مواقع فراہم کیے جاتے ہیں۔
اس کے علاوہ غروب آفتاب کے نظارے اور یادگار تصاویر لینے کے مواقع بھی موجود ہیں۔

انتظامیہ کی جانب سے سعودی ریڈ سی اتھارٹی کے مقرر کردہ قوانین پر سختی سے عمل کیا جاتا ہے جس کے تحت سمندری تحفظ کو ہمیشہ ترجیح دی گئی ہے۔
لائف جیکٹس پہننے اور روانگی سے قبل بوٹس کی مکمل جانچ پڑتال اور ضروری سامان کی موجودگی کو یقینی بنانے پر خاص توجہ دی جاتی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں سیاحوں کو دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
