Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بیروت پر اسرائیلی جنگی طیاروں کی پروازیں، شام میں راکٹ سے حملے

اسرائیل کے جنگی طیارے ماضی میں بھی شام پر میزائل حملے کرتے رہے ہیں۔ فوٹو: روئٹرز
اسرائیل کے لڑاکا طیاروں نے لبنان کے دارالحکومت بیروت پر اڑانیں بھری ہیں جبکہ دوسری جانب شام کے شہر مسیاف میں دھماکے کی آوازیں سنی گئیں۔
عرب نیوز نے ایسوسی ایٹڈ پریس کے حوالے سے بتایا ہے کہ جمعے کو علی الصبح اسرائیلی طیاروں کی پروازوں سے بیروت کے شہری خوفزدہ ہوئے جن میں سے بعض کے مطابق شہر کے آسمان پر میزائل بھی دیکھے گئے۔
لبنان پر اسرائیل طیاروں کی پرواز کے کچھ دیر بعد شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے بتایا کہ ملک کے وسطیٰ شہر مسیاف میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔

 

شام کے میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ایئر ڈیفنس سسٹم نے حمہ صوبے میں اسرائیل کے حملے پر جوابی کارروائی کی۔
شام کی وزارت دفاع نے ایک بیان میں بتایا کہ اسرائیل نے راکٹ فائر کر کے جارحیت کی جس پر دفاعی نظام نے دشمن کو جواب دیا اور زیادہ تر میزائل فضا میں ہی ناکارہ بنائے۔
سرکاری بیان میں جانی نقصان کے حوالے سے کچھ نہیں بتایا گیا۔
ادھر لبنان کے دارالحکومت میں کرسمس کے آغاز پر اسرائیلی طیاروں کی آوازوں نے شہریوں کو خوف میں مبتلا کر دیا۔
عرب نیوز کے مطابق شام میں اہداف کو نشانہ بنانے کے لیے اسرائیلی طیارے عموما لبنان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے رہتے ہیں تاہم جمعے کی صبح ان کی آوازیں زیادہ ہولناک تھیں جس نے ماضی میں دھماکوں سے متاثرہ بیروت کے شہریوں کو خوفزدہ کیا۔

شیئر: