Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کیوی تماشائی دنیا میں کرکٹ کے بہترین تماشائی ہیں‘

پاکستان کے آؤٹ ہونے والے اوپنر شان مسعود پر بھی تنقید کی جا رہی ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
نیوزی لینڈ اور پاکستان کے درمیان ماؤنٹ منگنوئی میں کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستانی بولرز کو کیوی بلے بازوں کو آؤٹ کرنے کی کئی کوششیں اپنی ہی ٹیم کے فیلڈرز نے ناکام بنائیں اور تماشائیوں نے اپنا غصہ نکالنے کے لیے دلچسپ انداز اپنایا۔
سوشل میڈیا پر کئی کیویز تماشائیوں کی تصاویر اور میمز شیئر کی جا رہی ہیں جن میں سے سب سے زیادہ مشہور ہونے والی ایک تصویر میں کیوی تماشائی باؤنڈری لائن سے باہر بیٹھا پاکستانی فیلڈرز کی غلطیاں وائٹ بورڈ پر نوٹ کر رہا ہے۔
پاکستانی ٹیم کے نقاد تماشائی نے وائٹ بورڈ پر فیلڈرز کی جانب سے ڈرپ کیچز اور گیند روکنے میں ناکامی کی تعداد لکھ رکھی ہے جس نے ہر ایک کی توجہ اپنی جانب کھینچ لی۔
ٹوئٹر پر نیوزی لینڈ کے صحافی ڈینس جنکس نے تماشائی کی وائٹ بورڈ تھامے تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’کیوی تماشائی دنیا میں کرکٹ کے بہترین تماشائی ہیں۔‘
کارلا نامی ٹوئٹر ہینڈل سے وائٹ بورڈ والے تماشائی کی تین تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا گیا کہ ’نیوزی لینڈ اور پاکستان کے درمیان ٹیسٹ میچ کے دوران ایک لڑکا وائٹ بورڈ لیے بیٹھا ہے، مجھے اس کا دوست بننا ہے۔‘
سوشل میڈیا پر کیوی کپتان ولیمسن کے سینچری بنانے پر شائقین ان کی تعریف کر رہے ہیں۔ سورج شرما نامی ٹوئٹر ہینڈل نے ٹویٹ کیا کہ ’ولیمسن کی کیا ہی زبردست اننگز۔ کھاؤ، سو جاؤ، سینچری بناؤ۔ اور یہی دہراتے جاؤ۔‘

پاکستان کے آؤٹ ہونے والے اوپنر شان مسعود پر بھی تنقید کی جا رہی ہے۔
وقاص احمد گوندل نے ٹویٹ کیا کہ ’شان مسعود 40 سے زیادہ گیندیں کھیلنے کے بعد بھی آؤٹ۔ ساری محنت ضائع۔‘
سوشل میڈیا صارفین مختلف کھلاڑیوں پر طنز کرتے ہوئے میمز بھی بنا رہے ہیں۔ عدنان چشتی نام کے ہینڈل سے ٹویٹ کیا گیا کہ ’پاکستان کو صرف ایک کھلاڑی بچا سکتے ہیں۔ سر رانا فہیم اشرف۔‘

شیئر: