Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ماؤنٹ مینگنوئی ٹیسٹ کا پہلا دن نیوزی لینڈ کے نام

نیوزی لینڈ کے آؤٹ ہونے والے تینوں کھلاڑی شاہین آفریدی نے پویلین بھیجے۔ فوٹو: اے ایف پی
نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے پہلے دن کھیل کے اختتام پر تین وکٹوں کے نقصان پر 222 رنز سکور کیے ہیں۔ آؤٹ ہونے والے تینوں کھلاڑیوں کو شاہین آفریدی نے پویلین کی راہ دکھائی۔ پہلے دن 87 اوورز کا کھیل ہو سکا۔
نیوزی لینڈ کے کپتان 94 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں۔  انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 33 ویں نصف سینچری مکمل کی۔ ان کے دو کیچ ڈراپ کیے گئے جن میں سے ایک آسان کیچ حارث سہیل نے سلپ میں چھوڑا۔
سنیچر کو پاکستان نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی تو فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے ابتدا میں ہی کیوی بلے بازوں کو پریشان کر دیا۔
نیوزی لینڈ کی پہلی وکٹ پہلے ہی اوور میں چار کے مجموعی سکور پر گری جب ٹام لیتھم کو شاہین آفریدی نے سلپ میں کیچ آؤٹ کرایا۔
اس کے بعد دوسری وکٹ دسویں اوور میں گری جب شاہین آفریدی ہی کی گیند پر ٹام بلنڈل کیچ دے بیٹھے۔ اس وقت نیوزی لینڈ کا مجموعی سکور 13 رنز تھا۔
کپتان کین ولیمسن نے راس ٹیلر کے ساتھ سکور کو آگے بڑھایا۔ کھانے کے وقفے تک نیوزی لینڈ نے دو وکٹوں کے نقصان پر 55 رنز بنائے تھے۔
چائے کے وقفے تک پاکستان کی ٹیم مزید کوئی کامیابی حاصل نہ کر سکی۔ محمد عباس نے نپی تلی گیندیں کرائیں مگر کریز پر جمے ہوئے کسی کیوی بلے باز کو آؤٹ نہ کر سکے۔ یاسر شاہ بھی متاثر کن بولنگ نہ کرا سکے۔
نسیم شاہ بھی قدرے مہنگے ثابت ہوئے اور پہلے دن کوئی وکٹ نہ لے سکے۔
چائے کے وقفے کے بعد 128 رنز دو کھلاڑی آؤٹ پر نیوزی لینڈ نے بیٹنگ شروع کی تو کچھ ہی دیر بعد شاہین آفریدی نے راس ٹیلر کو رضوان کے ہاتھوں کیچ کروا کر پویلین بھیج دیا۔ راس ٹیلر نے 70 رنز بنائے۔ 133 پر تیسری وکٹ گرنے کے بعد پاکستانی بولرز سرتوڑ کوشش کر کے کسی کیوی بلے باز کی وکٹ حاصل نہ کر سکے۔
کریز پر ہنری نکولس 42 رنز پر کپتان ولیمسن کے ساتھ ناٹ آؤٹ کھڑے ہیں۔

شیئر: